ماڈل ایان علی کے جوڈیشل ریمانڈ میں چھٹی بارتوسیع،کیس کی سماعت18 مئی تک ملتوی

جمعہ 8 مئی 2015 14:23

ماڈل ایان علی کے جوڈیشل ریمانڈ میں چھٹی بارتوسیع،کیس کی سماعت18 مئی ..

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 مئی۔2015ء) بینکنگ عدالت نے منی لانڈرنگ کیس کی مرکزی ملزمہ ماڈل ایان علی کے جوڈیشل ریمانڈ میں چھٹی بار توسیع دیتے ہوئے 18 مئی تک کیس کی سماعت ملتوی کر دی ، عدالت نے تفتیشی افسر اور کسٹم پراسیکیوٹر کو آئندہ سماعت پر ہرصورت مکمل چالان پیش کرنے کا حکم دیدیا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کے روزماڈل گرلز ایان علی کو منی لانڈرنگ کیس میں جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد کسٹم عدالت کی بجائے بینکنگ عدالت کے جج صابر سلطان کے روبرو پیش کیا گیا ہے ، دوران سماعت ملزمہ ایان علی کے وکیل لطیف کھوسہ نے استدعا کی ہے کہ کسٹم پراسیکیوٹر اور تفتیشی افسرمیری موکل کا چالان عدالت میں پیش نہیں کررہے ہیں لہذا میری موکل کو عدالت میں چالان پیش کرنے تک عبوری ضمانت پر رہا کیا جائے جب چالان عدالت میں پیش ہوگا تو میری موکل عدالت میں پیش ہو جائے گی جس پر عدالت کے جج نے ملزمہ کے وکیل کی استدعا کو مسترد کرتے ہوئے کسٹم پراسیکیوٹر اور تفتیشی افسر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سخت سرزنش کی اور ریمارکس دیئے کہ ایسا کیا ہے جو ملزمہ کیخلاف چالان پیش کرنے میں اتنی تاخیر کی جارہی ہے،کوئی مسئلہ ہے تو عدالت کو بتایا جائے ،آئین کے تحت ملزم کی گرفتاری کے بعد 14 روز میں مکمل چالان پیش کرنا ضروری ہوتا ہے 55 دن گزرنے کے باوجود ملزمہ کا چالان پیش کیوں نہیں کیا جارہا ہے جس پر تفتیشی افسراور کسٹم پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ چالان پیش کرنے کیلئے 5 گھنٹوں کیلئے مہلت دی جائے جس پر عدالت نے ان کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ایک گھنٹے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی تاہم ایک گھنٹے بعد سماعت شروع ہوئی تو پراسیکیوٹر اور اور تفتیشی چالان پیش نہ کر سکے جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیااور کیس کی سماعت18 مئی تک ملتوی کرتے ہوئے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر ملزمہ ایان علی کا چالان پیش کیا جائے بصورت دیگر کسٹم پراسیکیوٹر اور تفتیشی افسر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :