میر پور ٹیسٹ ، 550 رنز ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش نے 1 وکٹ پر 63 رنز بنا لیے

جمعہ 8 مئی 2015 16:45

میر پور ٹیسٹ ، 550 رنز ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش نے 1 وکٹ پر 63 رنز بنا ..

میر پور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 8مئی۔2015ء) میر پور ٹیسٹ کے تیسرے روز بنگلہ دیش نے 550 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ایک وکٹ کے نقصان پر 63 رنز بنا لیے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق میرپور کے شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ کے تیسرے روز بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 203 رنز پر پویلین لوٹ گئی جس کے بعد پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 195رنز 6 وکٹوں کے نقصان پر ڈکلیر کرکے بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 550 رنز کا ہدف دیدیا ہے ۔

گرین شرٹس کے اوپنرز ایک مرتبہ پھر بنگالی بولنگ لائن کے سامنے مزاحمت میں ناکام رہے، محمد حفیظ بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹے جب کہ سمیع اسلم بھی اسی ڈگر پر چلتے ہوئے صرف 8 رنز بنا سکے۔ پہلی اننگز میں ڈبل سنچری جڑنے والے اظہر علی دوسری اننگز میں صرف 25 رنز بنا کر 49 کے مجموعے پر سومیا سرکار کا شکار بنے جب کہ یونس خان39 اور اسد شفیق 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

مصباح الحق نے تیزی سے کھیل کر 72گیندوں پر 9 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 82 رنز بنا ڈالے ، بنگلہ دیش کی جانب سے محمد شاہد نے 2، سومیا سرکار،شوواگاتا ہوم ،محمود اللہ اور تیج الاسلام نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ 550 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی اوپنرز امرالقیس اور تمیم اقبال نے ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 48 رنز بنا ڈالے ، امرالقیس 16 رنز بنا کر یاسر شاہ کی پرفریب گیند پر پوویلین لوٹے، اس گیند نے کرکٹ کے مداحوں کو عظیم لیگ سپنر شین وارن کی یاد دلا دی، تمیم اقبال اور مومن الحق نے میزبان ٹیم کو مزید کسی نقصان سے محفوظ رکھا اور بنگلہ دیش نے 1 وکٹ کے نقصان پر 63 رنز بنا لیے ، پاکستان کی جانب سے واحد کامیاب باولر یاسر شاہ رہے ، اس سے قبل کھیل کے تیسرے روز بنگلہ دیشی ٹیم نے اپنی نامکمل اننگز 5 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز سے شروع کیا تو کوئی بلے باز پاکستانی بولنگ لائن کے سامنے کھل کر نہ کھیل سکا اور 113 کے مجموعے پر سومیا سرکار 3 رنز بنانے کے بعد وہاب ریاض کی گیند پر اظہرعلی کو کیچ دے بیٹھے جس کے بعد شوواگاتا ہوم بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے اور تیج الاسلام بھی 15 رنز بناسکے جب کہ دوسرے ہینڈ سے شکیب الحسن بولروں کے سامنے مزاحمت کرتے رہے۔

پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض اور یاسر شاہ نے 3،3 جب کہ جنید خان نے 2 اور محمد حفیظ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں اظہر علی کے شاندار 226 رنز کی بدولت 557 رنز پراننگز ڈکلئیر کی جب کہ یونس خان 148 اور اسد شفیق نے بھی شاندار 107 رنز بنائے۔ بنگلا دیش کی جانب سے تیج الاسلام نے 3، محمد شاہد اور شواگتا ہوم نے 2، 2 جب کہ شکیب الحسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

متعلقہ عنوان :