Live Updates

تحریک انصاف نے ایک بار پھر اسلام آباد میں دھرنے کا عندیہ دیدیا

خیبر پختونخواہ کے مطالبات منگل تک پورے نہ ہوئے تو دھرنا دیں گے، صوبائی سیاسی جماعتیں شرکت کرینگی 13مئی کو اقتصادی راہداری بارے اجلاس میں شرکت کرکے اپنا موقف پیش کرینگے،آن لائن سے گفتگو

جمعہ 8 مئی 2015 18:03

تحریک انصاف نے ایک بار پھر اسلام آباد میں دھرنے کا عندیہ دیدیا

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 مئی۔2015ء) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے ایک بار پھر سے دھرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر خیبر پختونخواہ کے حقوق کے مطالبات منگل تک پورے نہ ہوئے تو پی ٹی آئی سمیت تمام صوبائی سیاسی جماعتیں دھرنے میں شرکت کرینگی ۔ تیرہ مئی کو اقتصادی راہداری کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے اجلاس میں شرکت کرینگے اور اپنا بھرپور موقف پیش کرینگے ۔

جمعہ کے روز تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیاجارہا ہے اور ان کو حقوق فراہم نہیں کئے جارہے اس حوالے سے تمام صوبائی سیاسی جماعتیں حتی کے مسلم لیگ (ن) بھی تحریک انصاف کے ساتھ ہے ابھی تک تو صوبائی سطح پر پرویز خٹک اور حکومت کے درمیان بات چیت چل رہی ہے اور اگر منگل تک پرویز خٹک کے صوبے کے حقوق کے حوالے سے مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو پھر تحریک انصاف اعلیٰ قیادت سمیت خیبر پختوخواہ حکومت کے حقوق کیلئے اسلام آباد میں دھرنا دیگی اور اس میں مسلم لیگ (ن) کی صوبائی قیادت سمیت دیگر جماعتیں بھی پی ٹی آئی کا ساتھ دینگی ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف کا وفد وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے تیرہ مئی کو بلائے جانے والے اقتصادی راہداری کے منصوبے پر سیاسی جماعتوں کے اجلاس میں شرکت کرے گا اجلاس میں عارف علوی ،شفقت محمود اور شاہ محمود قریشی شرکت کرینگے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی اقتصادی راہداری کے حوالے سے اپنا بھرپور موقف پیش کرے گی کیونکہ اقتصادی راہداری روٹ ملک کیلئے ایک بہت بڑا گیم چینجر ہے اور اس میں صوبہ بلوچستان اور صوبہ خیبر پختونخواہ کو ہر حال میں شامل کیاجائے کیونکہ دونوں صوبوں کے علاقے جہاں سے اقتصادی راہداری روٹس گزرنے ہیں محرومیوں کا شکار ہیں اور اگر اب بھی ان صوبوں کو اتنے بڑے منصوبے سے منسلک نہ کیا گیا تو پھر یہاں کے لوگوں میں احساس محرومی شدید بڑھ جائے گی

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات