زمبابوے کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں نئے کپتان کی تقرری کا امکان

ہفتہ 9 مئی 2015 11:17

زمبابوے کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں نئے کپتان کی تقرری کا امکان

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار9مئی۔2015ء) قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کی کاؤنٹی کرکٹ میں مصروفیات کے باعث اس بات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ زمبابوے کیخلاف سیریز کیلئے نیا ٹی ٹوئنٹی کپتان مقرر کیا جا سکتا ہے ، آفریدی کی جگہ وکٹ کیپر سرفراز احمد یا فاسٹ بالر وہاب ریاض کو یہ ذمہ داری دی جا سکتی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق قومی سپرایٹ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 11 مئی سے فیصل آباد میں شروع ہو رہا ہے جس میں قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آ فریدی شرکت نہیں کریں گے کیونکہ وہ انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ کھیل رہے ہیں ۔

گزشتہ روز پی سی بی کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی شیڈول اور مختلف ریجنل ٹیموں کا اعلان کیا گیا تو کراچی کی ٹیم میں بھی شاہد آفریدی کا نام شامل نہیں تھا بلکہ قیادت سرفراز احمد کو دے دی گئی ہے حالانکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے سابق کپتان یونس خان اور مصباح الحق اپنے ریجنز کی ٹیموں کی کپتانی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

شاہد آفریدی کی عدم موجودگی پر سبحان احمد نے بتایا کہ شاہد آفریدی نے جب دو ماہ قبل پی سی بی سے انگلینڈ جانے کی اجازت طلب کی تھی اس وقت سپر ایٹ ٹورنامنٹ اپریل میں منعقد ہونا تھا مگر بوجوہ اس میں تاخیر ہوئی اور شاہد آفریدی نے کاؤنٹی سے کمٹمنٹ کی خاطر اس ٹورنامنٹ میں شرکت سے انکار کردیا ۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسی وجہ سے اب نئے کپتان کے نام پر غور کیا جا رہا ہے اور سرفراز احمد کے علاوہ وہاب ریاض کے نام سرفہرست ہیں ۔ سرفرازاحمد کو بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا نائب کپتان بنا رکھا ہے اور زمبابوے کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میچوں سے قبل ڈومیسٹک ایونٹ میں سرفراز احمد کیلئے کراچی ڈولفنز کی کپتانی اور کارکردگی اس اعتبار سے ایک سخت امتحان ہو گی۔

متعلقہ عنوان :