آئی پی ایل : ہردیک پانڈیا نے چنائی سپر کنگز کو جھلسا دیا

ہفتہ 9 مئی 2015 11:51

آئی پی ایل : ہردیک پانڈیا نے چنائی سپر کنگز کو جھلسا دیا

چنائی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار9مئی۔2015ء) آئی پی ایل سیزن آٹھ میں نوجوان بھارتی بیٹسمین ہردیک پانڈیا کی آگ برساتی اننگز نے چنائی سپر کنگز کو جھلسا دیا ، امباتی رایودو کی برق رفتار بیٹنگ بھی ممبئی انڈینز کی چھ وکٹوں سے فتح کی ضمانت بنی ۔ گزشتہ روز چدم برم سٹیڈیم میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے خود اپنے بیٹسمینوں کی آزمائش کا فیصلہ کیا جو اس وقت درست ثابت ہوگیا جب ڈوین سمتھ اور برینڈن میک کلم نے ابتدائی وکٹ کیلئے 44رنز کا مضبوط اوپننگ سٹینڈ فراہم کردیا۔

دھونی الیون کیلئے پہلا دھچکا برینڈن میک کلم کی صورت میں سامنے آیا جو محض گیارہ گیندوں پر تین چوکوں اور ایک فلک شگاف چھکے سے مرصع 23 رنز بنا کر میدان چھوڑ گئے ۔ سریش رائنا اپنی بیٹنگ کا بھرپور جادو نہ جگا سکے اور دس رنز پر آؤٹ ہوگئے ۔

(جاری ہے)

اگلے اوور میں ڈوین سمتھ بھی 27رنز بٹور کر داغ مفارقت دے گئے تاہم فاف ڈوپلیسی اور کپتان مہندر سنگھ دھونی کی چوتھی وکٹ کیلئے 39رنز کی پارٹنرشپ مفید ثابت ہوئی۔

فاف ڈوپلیسز17رنز پر ہمت ہار گئے لیکن ٹیم کپتان دھونی نے پون نیگی (36رنز) کے ساتھ پانچویں وکٹ پر 54رنز جوڑ کر مجموعی سکور پانچ وکٹوں پر 158رنز پر پہنچا دیا۔ ایم ایس دھونی 39رنز پر ناقابل شکست پویلین لوٹے ۔ مچل میکلینیگھن، ونے کماراور ہربھجن سنگھ نے ایک ، ایک وکٹ لی ۔ جواب میں ممبئی انڈینز نے مطلوبہ ہدف چار وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ میچ کے 19ویں اوور میں ہردیک پانڈیا نے پون نیگی کو تین چھکے جڑ کر فتح یقینی بنائی ۔ انہوں نے ناقابل شکست 21رنز کئے جبکہ امباتی رایودو34رنز پر ناٹ آؤٹ رہے ۔ پارتھیو پٹیل نے 45اور لینڈل سمنز نے 38 رنز بنا ئے ۔