باغی کرکٹ لیگ کی بلی تھلیے سے باہر آگئی ، منصوبے کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا

ہفتہ 9 مئی 2015 13:49

باغی کرکٹ لیگ کی بلی تھلیے سے باہر آگئی ، منصوبے کا باقاعدہ اعلان کر ..

نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار9مئی۔2015ء) ایک اور اینٹی اسٹیبلشمنٹ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ لیگ کی بلی تھیلے سے باہر آ گئی ہے اور منتظمین نے اپنے منصوبے کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ آئی سی سی کے تجربے نے انہیں عقلمند بنا دیا ہے ،فی الحال ٹائم فریم نہیں دے سکتے کہ ایونٹ کب شروع ہوگا کیونکہ اس میں ایک سال کا عرصہ بھی لگ سکتا ہے ۔

ایسل گروپ کی مالیات اور حکمت عملی کے شعبے کے سربراہ ہیمانشو مودی کا گزشتہ روز اپنی پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ انہوں نے بارہ ٹیموں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی طرز کے ایک ٹورنامنٹ کا منصوبہ بنایا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ فی الحال اس ایونٹ کے آغاز کا ٹائم فریم نہیں دیا جا سکتا تاہم انہیں پلیئرز اور میچز کیلئے وینیوز کی کوئی پریشانی لاحق نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اسی گروپ کی جانب سے آئی سی ایل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا بھی آئی پی ایل سے قبل انعقاد کیا گیا تھا لیکن دو سال میں اسے ختم کرنا پڑا کیونکہ اس میں شریک بیشتر کھلاڑیوں پر انٹرنیشنل کرکٹ میں شرکت پر پابندی لگا دی گئی تھی۔ مودی کا کہنا تھا کہ آئی سی ایل کے تجربے نے انہیں عقلمند بنا دیا ہے اور ماضی کی غلطیاں نہیں دہرائی جائیں گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ ٹی ٹوئنٹی طرز پر کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کے میچز دس سے بارہ شہروں میں کھیلے جائیں گے تاہم اسے عملی شکل دینے میں ایک سال یا اس سے زیادہ عرصہ بھی لگ سکتا ہے مگر اس بار یہ تجربہ ناکامی کا شکار نہیں ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایونٹ کے انعقاد کا یہ وقت بالکل درست ہے لیکن وہ ممکنہ مخالفت کا پہلو نظر انداز نہیں کر سکتے کیونکہ انہیں علم ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھی جوابی وار کیا جا سکتا ہے لہٰذا انہیں عقلمندی سے کام لینا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی ایل کے وقت انہیں صرف چار گراؤنڈز پر محدود کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کی سہولت حاصل تھی لیکن اس چیز کو محسوس کرتے ہوئے اب وہ چاہتے ہیں کہ آٹھ سے دس ٹیمیں ایونٹ میں شریک ہوں جبکہ گراؤنڈز کی تعداد میں اضافہ بھی پیش نظر رکھ جا رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی ان کیلئے مسئلہ نہیں کیونکہ گزشتہ بار انہیں پاکستانی کھلاڑیوں کی خدمات بھی حاصل تھیں ۔ واضح رہے کہ پاکستان نے مصباح الحق کی قیادت میں یہ چھٹی ٹیسٹ سیریز جیتی ہے۔ وہ 36 میں سے 16 ٹیسٹ میچز جیت چکے ہیں، دس میں انہیں شکست ہوئی ہے اور دس ٹیسٹ ڈرا ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :