زمبابوے کرکٹ ٹیم حکومت پاکستان کی مہمان قرار

ہفتہ 9 مئی 2015 15:02

زمبابوے کرکٹ ٹیم حکومت پاکستان کی مہمان قرار

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 مئی۔2015ء) زمبابوے کرکٹ ٹیم19 مئی کوپاکستان پہنچے گی۔ زمبابوے کی ٹیم چھ سال بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی پہلی ٹیم ہے۔ اسے لاہور میں حکومت پاکستان کے مہمان کا درجہ حاصل ہوگا۔مارچ دوہزارنو میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پرحملے کے بعد پاکستان پرانٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے۔ چھ سال کے طویل انتظار کے بعد زمبابوے کی کرکٹ ٹیم دوٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے انیس مئی کو پاکستان پہنچ رہی ہے۔

زمبابوے ٹیم کو حکومت پاکستان کا سرکاری مہمان قرار دیا گیاہے۔قذافی اسٹیڈیم لاہوراور نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں سیریز کی تیاریاں عروج پر ہیں اور شائقین کرکٹ بھی قومی کرکٹرز کو اپنے سامنے ایکشن میں دیکھنے کے لئے بے چینی سے منتظر ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ زمبابوے کی سیکیورٹی کے لئے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مہمان ٹیم کو بھرپور سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے زمبابوے ٹیم کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیتے ہوئے بھرپور سیکیورٹی فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ اس حوالے سے اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ مہمان ٹیم جہاں سے بھی گزرے گی وہاں کا ٹریفک مکمل طور پر بند ہوگا۔ کھلاڑیوں کو ہیلی کاپٹرز، بکتر بند گاڑیوں و ایلیٹ فورس کے حصار میں رکھاجائے گا۔ تین ہزار مسلح جوان اور پولیس کی سوگاڑیاں حفاظتی کور دیں گی۔ رینجرز بھی بیک اپ میں موجود رہے گی اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہی گی۔ اس کے علاوہ وینیو کی ہیلی کاپٹر سے مسلسل فضائی نگرانی کی جاتی رہے گی۔

متعلقہ عنوان :