وزیراعلیٰ پنجاب کا راولپنڈی۔اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ کا بغیر پروٹوکول اچانک دورہ،میٹرو بس میں سفر، تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا

راولپنڈی،اسلام آباد میٹرو پراجیکٹ کو تکمیل کے مرحلے میں دیکھ کر میرا خون بڑھ گیا ہے‘شہبازشریف افتتاح کے دن قریب آ نے پر مخالفین کی آوازیں خاموش ہوتی جارہی ہیں، تنقید کرنے والے افتتاح کے بعد منہ چھپاتے پھریں گے  لاہور کے بعد اسلام آباد اور راولپنڈی کے لاکھوں شہری بھی بہت جلد دنیا کے جدید ترین میٹرو بس سسٹم سے مستفید ہوں گے  عوام کی زندگیوں میں سہولتیں پیدا کرنا ہماری حکومت کا مشن ہے، منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے رفتار کے ساتھ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا  راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریوں نے ہمت اور برداشت سے عارضی مشکلات کا سامنا کیا جس پر میں انہیں سلام پیش کرتاہوں پاکستانی زندہ قوم ہیں ،ان کیلئے ہر شہر میں باوقار اور آرام دہ ٹرانسپورٹ کی سہولتیں مہیا کریں گے‘وزیراعلیٰ کی دورے کے موقع پر گفتگو وزیراعلیٰ نے 23 کلومیٹر طویل میٹرو روٹ پر تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا، متعلقہ حکام کو زیرالتوا کاموں کی جلد تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت

اتوار 10 مئی 2015 17:38

وزیراعلیٰ پنجاب کا راولپنڈی۔اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ کا بغیر پروٹوکول ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 مئی۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ راولپنڈی،اسلام آباد میٹرو پراجیکٹ کو تکمیل کے مرحلے میں دیکھ کر میرا خون بڑھ گیا ہے، جو ں جوں منصوبے کے افتتاح کے دن قریب آتے جارہے ہیں ، مخالفین کی آوازیں خاموش ہوتی جارہی ہیں ، تنقید کرنے والے میٹرو بس پراجیکٹ کے افتتاح کے بعد منہ چھپاتے پھریں گے اور لاہور کے بعد اسلام آباد اور راولپنڈی کے لاکھوں شہری بھی بہت جلد دنیا کے جدید ترین میٹرو بس سسٹم سے مستفید ہوں گے۔

وہ راولپنڈی،اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ کے اچانک دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے راولپنڈی۔اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کا بغیر پروٹوکول دورہ کیا اور میٹرو بس میں بیٹھ کر پورے روٹ کا جائزہ لیا اور مختلف سٹیشنوں پراتر کر تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ میٹروبس کی سہولت جلد سے جلد جڑواں شہروں کے عوام کو پیش کر دی جائے اور اس ضمن میں منصوبے کے زیرالتوا کاموں کی جلد سے جلد تکمیل یقینی بنائی جا رہی ہے کیونکہ عوام کی زندگیوں میں سہولتیں پیدا کرنا ہماری حکومت کا مشن ہے۔

منصوبے کی جلد تکمیل کے حوالے سے رفتار کے ساتھ ساتھ معیار پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور میں خود اس منصوبے کی ذاتی طور پرنگرانی کر رہا ہوں۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستانی زندہ قوم ہیں اوران کیلئے ہر شہر میں باوقار اور آرام دہ ٹرانسپورٹ کی سہولت مہیا کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ راولپنڈی۔اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ مزدوروں، محنت کشوں، ڈاکٹروں، سرکاری ملازمین ، طالب علموں ، کارکن خواتین اور کم آمدنی والے لوگوں کیلئے بنایا گیا ہے اور یہ منصوبہ اعلیٰ معیار اور شفافیت کا شاہکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے شہریوں نے منصوبے کی تعمیر کے دوران ہمت اور برداشت سے کام لیا اور صبر کے ساتھ پیش آنے والی عارضی مشکلات کا سامنا کیا جس پر میں تاجروں، طالب علموں، ملازمین اور تمام شہریوں کو خراج تحسین اور سلام پیش کرتاہوں کیونکہ جڑواں شہروں کے لوگوں نے منصوبے کی تکمیل کے دوران بھرپور حوصلہ دکھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹ کے شاندار سفر کا آغاز لاہور سے کیا گیا تھا جو کامیابی سے جاری ہے اور بہت جلد جڑواں شہروں کے عوام کو میٹرو بس کا شاندار تحفہ ملنے والا ہے۔ میٹرو بس پراجیکٹس سے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں نئے کلچر کی بنیاد رکھی جا رہی ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ میٹرو بس پراجیکٹس شعبہ ٹرانسپورٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں ایک سنگ میل ثابت ہوں گے۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف راولپنڈی پہنچے اور انہوں نے بغیر پروٹوکول راولپنڈی۔اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ کے پورے روٹ کا میٹرو بس پر بیٹھ کر معائنہ کیا اور مختلف سٹیشنز پر اتر کر تعمیراتی کامو ں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے 23 کلومیٹر طویل میٹرو روٹ پر تعمیراتی کاموں کا جائزہ لینے کے دوران متعلقہ حکام کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ زیرالتوا کاموں کی جلد تکمیل یقینی بنائی جائے اور مقررکردہ ٹائم لائنز کی پابندی کی جائے تاکہ جتنی جلدی ہو سکے اس عظیم الشان منصوبے کا افتتاح کیا جاسکے۔

بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں راولپنڈی۔اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ کے حوالے سے بریفنگ اجلاس منعقد ہوا اور وزیراعلیٰ کو منصوبے کے ہر پیکیج کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ منصوبے کے زیرالتوا تعمیراتی کام فی الفور مکمل کئے جائیں اور میٹرو روٹ کے دونوں اطراف لینڈ سکیپنگ اور ہارٹی کلچر کا کام جلد مکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ کام کی رفتاربہت بہتر ہے لیکن اسے مزید تیز کیا جائے اور روٹ کے اردگرد پڑا ہوا تعمیراتی ملبہ فوری طو رپرہٹایا جائے۔