دی راک کا دلچسپ چیلنج

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 10 مئی 2015 23:55

دی راک کا دلچسپ چیلنج

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10مئی۔2015ء)ہالی وڈ اسٹار اور سابق ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن ڈیوائن جونسن المعروف دی راک کو کون نہیں جانتا، اپنے 6 فٹ 4 انچ قد اور 270 پونڈز کے وزن کے حامل اس اسٹار کے چاہنے والوں کی تعداد بلاشہ کروڑوں میں ہے۔ تاہم دی راک نے اپنا جسم محض عام ورزشوں کے ذریعے نہیں بنایا ہے بلکہ ہولی وڈ اسٹار دن بھر میں 7 بار کھانا کھاتے ہیں اور اس دوران 5165 کیلوریز یا ساڑھے 4 کلو سے زائد غذا جزو بدن بنالیتے ہیں۔

43 سالہ دی راک نے اپنے معمولات کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے دن کا آغاز صبح 4 بجے پہلی غذا کے ساتھ ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گوشت، انڈوں، چاول اور سبزیوں وغیرہ پر مشتمل غذا کے ساتھ ساتھ وہ ورزش کے لیے بھی وقت نکالتے ہیں۔ تاہم دن بھر میں وہ کئی کلو مچھلی، گائے کا گوشت اور چکن وغیرہ بھی ہڑپ کرجاتے ہیں اور صرف مچھلی پر ہی سال بھر میں 1400 ڈالرز خرچ کیے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ ایک عام شخص کے لیے دن بھر میں 2500 کیلوریز کافی مانی جاتی ہے۔ راک نے تو چیلنج بھی کیا ہے کہ کسی کے لیے بھی ان کی طرح دن بھر میں اتنی کیلوریز یا کھانا جزو بدن بنانا اور ورزش آسان ثابت نہیں ہوگا۔ یہی وجہ ہے کہ جب ایک پرستار نے دی راک کی نقل کرتے ہوئے دن بھر میں 7 بار کھانا اور جم کا رخ کیا تو اس کا حال خراب ہوگیا بلکہ وہ راک کا چیلنج پورا کرنے میں بھی ناکام رہا۔ ماہرین طب کا بھی کہنا ہے کہ اتنی زیادہ خوراک کا استعمال کسی بھی عام فرد کو موت کے منہ میں بھی پہنچا سکتا ہے۔