سعودی بادشاہ نے اوباما کی دعوت میں شرکت سے معذرت کر لی

پیر 11 مئی 2015 12:43

سعودی بادشاہ نے اوباما کی دعوت میں شرکت سے معذرت کر لی

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 مئی۔2015ء )سعودی عرب کے نئے بادشاہ شاہ سلمان بِن عبدالعزیز نے امریکی صدر براک اوباما کی میزبانی میں آئندہ جمعرات کو بلائے گئے خلیجی ممالک کے سربراہ اجلاس میں شرکت کرنے سے معذرت کر لی ہے۔امریکی محکمہ خارجہ نے 17 اپریل کو جاری بیان میں بتایا تھا کہ خلیجی تعاون کونسل کے رکن ممالک کویت، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، بحرین، قطر اور عمان کے سربراہان کا 13 مئی کو وائٹ ہاوٴسں اور 14 مئی کو کیمپ ڈیوڈ میں خیرمقدم کیا جائے گا۔

بتایا گیا کہ اجلاس کا مقصد دو طرفہ اور سکیورٹی امور میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کرنا ہے۔ امریکہ میں موجود سعودی سفارتخانے سے وزیرِ خارجہ عادل بن الجبیر کا بیان جاری کیا گیاجس کے مطابق صدر اوباما کی دعوت پر بلوائے جانے والے اجلاس میں نئے ولی عہد شہزادہ محمد بِن نائف سعودی عرب کی نمائندگی کریں گے۔

(جاری ہے)

ان کے ساتھ نائب ولی عہد اور وزیرِ داخلہ بھی موجود ہوں گے۔

سعودی وزیرِ خارجہ کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز خلیجی ممالک کے اجلاس کی ٹائمنگ کی وجہ سے اس میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔تحریری بیان میں شاہ سلمان کی پہلے سے طے شدہ مصروفیات کا ذکر بھی کیا گیا اور بتایا گیا کہ انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر یمن میں جنگ بندی متوقع ہے اور ’ کنگ سلمان سینٹر فار ہیومینیٹیرین ایڈ‘ کا افتتاح بھی ہونا ہے۔رپورٹ کے مطابق بحرین کے بادشاہ حماد بن عیسٰی الخلیفہ بھی اجلاس میں شرکت نہیں کر رہے ہیں اور ان کی جگہ ان کے ولی عہد جائیں گے۔