زمبابوے ٹیم کی پاکستان آمد قومی کرکٹ کیلئے خوش آئند ہے ‘ شاہد آفریدی

پیر 11 مئی 2015 13:05

زمبابوے ٹیم کی پاکستان آمد قومی کرکٹ کیلئے خوش آئند ہے ‘ شاہد آفریدی

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 مئی۔2015ء ) قومی ٹوئنٹی20کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد خان آفریدی نے زمبابوے ٹیم کی پاکستان آمد کو قومی کرکٹ کیلئے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی سونے گراوٴنڈ آباد ہونے کی خوشی ہے، اپنی کارکردگی سے ٹوئنٹی 20 سیریز کو یادگار بنانے کی کوشش کروں گا۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ نارتھمپٹن شائر کاوٴنٹی کا حصہ بننے انگلینڈ جارہا ہوں ‘18مئی کو وطن واپس لوٹ کر مہمان ٹیم کیخلاف ٹوئنٹی 20 سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت کروں گا۔

(جاری ہے)

ایک سوال پرقومی کپتان نے کہا کہ بنگلہ دیش کے خلاف مختصرطرز کا میچ ہارنے کا افسوس ہے لیکن اپنی سرزمین پر سیریز اپنے نام کر کے شائقین کو دہری خوشی دینے کی کوشش کروں گا۔انھوں نے کہا کہ ٹوئنٹی 20 سیریز کے بعد واپس انگلینڈ جاوٴں گا اور نارتھمپٹن شائر کاوٴنٹی کی طرف سے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کروں گا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ78 ٹوئنٹی 20 میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے 35 سالہ شاہد آفریدی نے انگلش کاوٴنٹی کے ساتھ جنوری میں معاہدہ کیا تھا اور معاہدے کی رو سے وہ نارتھمپٹن شائرکی طرف سے 6 میچز میں حصہ لیں گے۔