خیبرپختونخوا حکومت کا سات لاکھ 43 ہزار نادار ، مستحق خاندانوں کو سستا آٹا ، گھی فراہم کرنے کیلئے انصاف کارڈز جاری کرنے کافیصلہ

وزیراعلی خیبرپختونخوا کی زیرصدارت اعلی سطحی اجلاس،انصاف کارڈز منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ، کارڈز کے اجراء کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی نادرا مستحقین کے شناختی کارڈوں کی جلد تجدید کیلئے ضروری اقدامات کرے جو اپنے زائد المیعاد شناختی کارڈوں کے باعث فوری طور پر سستا آٹا اور گھی حاصل نہیں کرسکیں گے،وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویزخٹک

پیر 11 مئی 2015 19:35

خیبرپختونخوا حکومت کا سات لاکھ 43 ہزار نادار ، مستحق خاندانوں کو سستا ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 مئی۔2015ء) خیبرپختونخوا حکومت صوبے کے سات لاکھ 43 ہزار نادار اور مستحق خاندانوں کو سستا آٹا اور گھی فراہم کرنے کیلئے انصاف کارڈز عنقریب جاری کرے گی یہ یقین دہانی خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو پیر کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں ایک اجلاس کے دوران کرائی گئی جس میں انصاف کارڈز کے ذریعے مستحق افراد کو سستا آٹا اور گھی فراہم کرنے کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور کارڈز کے اجراء کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی اجلاس میں دوسروں کے علاوہ صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری اطلاعات، انصاف کارڈ کے پراجیکٹ ڈائریکٹر اور نادرا حکام نے شرکت کی وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے نادرا کو ہدایت کی کہ وہ اُن مستحقین کے شناختی کارڈوں کی جلد تجدید کیلئے ضروری اقدامات کرے جو اپنے زائد المیعاد شناختی کارڈوں کے باعث فوری طور پر سستا آٹا اور گھی حاصل نہیں کرسکیں گے اُنہوں نے کہا کہ صوبے کے تمام مستحقین کو سستا آٹا اور گھی کیلئے انصاف کارڈ ضلعی سطح پر فراہم کئے جائیں تاکہ ان کارڈزکے حصول میں انہیں آسانی ہو اُنہوں نے نادار افراد کیلئے ہیلتھ انشورنس سکیم شروع کرنے کی تجویز کے قابل عمل ہونے کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی اجلاس کو تبایا گیا کہ صوبہ بھر میں کل سات لاکھ 43 ہزار خاندانوں کو خیبرپختونخوا حکومت کی سستا آٹا اور گھی سکیم سے مستفید ہونے کا حقدار قرار دیا گیا ہے سکیم کے پراجیکٹ ڈائریکٹر نے اجلاس کو بتایا کہ اس سکیم کیلئے پانچ لاکھ 60 ہزار درخواست گزاروں کے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈز انصاف کارڈز کے اجراء کیلئے درست پائے گئے ہیں جبکہ ایک لاکھ 83 ہزار افراد کے شناختی کارڈ زائد المیعاد یا دیگر خامیوں کے حامل ہیں اُنہوں نے بتایا کہ ان خامیوں کے باعث ایسے افراد کیلئے انصاف کارڈز کی تیاری میں دشواریوں کا سامنا ہے دریں اثناء محکمہ تعلیم کے اُمور سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کو ہدایت کی کہ وہ صوبے کے پرانے اور تاریخی سکولوں کی خستہ حال عمارتوں کو ان کی عظیم الشان تاریخی شکل میں بحال کرنے کیلئے ماہر کنسلٹنس کا معاوضہ مروجہ قواعد کے مطابق طے کرے واضح رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے صوبہ بھر میں 200 پرانے اور تاریخی سکولوں کی خستہ حال عمارتوں کی اصل حالت میں بحالی و تزئین و آرائش اور ان میں جدید سہولتوں کی فراہمی کیلئے چار ارب60 کروڑ روپے مختص کئے ہیں وزیراعلیٰ نے اجلاس میں سی اینڈ ڈبلیو کو ہدایت کی کہ وہ محکمہ کے ٹھیکوں کیلئے نظر ثانی شدہ شیڈول ریٹس سال میں دو مرتبہ کے بجائے صرف ایک بارجون میں جاری کرے۔

متعلقہ عنوان :