آئی پی ایل : سن رائزرز حیدرآباد نے کنگز الیون پنجاب کو ٹھکانے لگا دیا

منگل 12 مئی 2015 13:00

آئی پی ایل : سن رائزرز حیدرآباد نے کنگز الیون پنجاب کو ٹھکانے لگا دیا

اپل (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار12مئی۔2015ء) انڈین پریمیئر لیگ کے سیزن آٹھ کے سلسلے میں کھیلے گئے 48 ویں میچ میں سن رائزرز حیدرآباد نے کنگز الیون پنجاب کو 5 رنز کے قریبی فرق سے ٹھکانے لگا دیا،فاتح ٹیم کے ٹاپ سکورر ڈیوڈ وارنر مرد میدان قرارپائے مگر ڈیوڈ ملر کی اننگز رائیگاں چلی گئی ۔ راجیو گاندھی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں سن رائزرز حیدرآباد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر185 رنز بنا ڈالے جس کا سبب افتتاحی بیٹسمین ڈیوڈ وارنر کی 6 چوکوں اور 5 چوکوں سے سجی 81 رنز کی شاندار اننگز تھی۔

انہوں نے 24 رنز بنانے والے شیکھر دھون کے ساتھ 56 جبکہ تیسرے نمبر پر آنے والے موائزز ہین ریکس(28) کے ساتھ 65 رنز کا اضافہ کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن مضبوط کر دی حالانکہ بعد میں آنے والے کھلاڑی کوئی نمایاں باری نہیں کھیل سکے ۔

(جاری ہے)

بیورن ہینڈرکس نے دو کھلاڑی آؤٹ کئے ۔ جوابی اننگز میں کنگز الیون پنجاب کی ٹیم مرلی وجے کے چوبیس اور منان وہرہ کے بیس رنز کے بعد پھسل گئی اور صرف ڈیوڈ ملر نے ہی ایک جانب سے بہترین بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور پندرہ رنز بنانے والے اکشر پٹیل کے ساتھ 59 رنز کی رفاقت بھی کسی کام نہیں آ سکی ۔

ڈیوڈ ملر نے دو چوکوں اور نو چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 89 رنز بنائے مگر اپنی ٹیم کو پانچ رنز کی شکست سے نہ بچا سکے ۔ موائزز ہین ریکس نے تین اور بپل شرما نے دو کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگا کر سن رائزرز حیدر آباد کو فتح دلائی ورنہ آخری لمحات میں میچ پھسلتا محسوس ہو رہا تھا۔

متعلقہ عنوان :