عادت سے مجبور مصر کا کروڑ پتی بھکاری!،چچا کامل ساڑھے تین ملین پائونڈ اور دو کوٹھیوں کا مالک ہے

Fahad Shabbir فہد شبیر منگل 12 مئی 2015 19:37

عادت سے مجبور مصر کا کروڑ پتی بھکاری!،چچا کامل ساڑھے تین ملین پائونڈ ..

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12مئی۔2015ء) کسی سڑک، چوک اور پُرھجوم مقام پر نہایت بوسیدہ اور پھٹے پرانے کپڑوں میں ملبوس بھکاری کو بھیک مانگتے دیکھ کر پہلا گمان یہی گذرتا ہے کہ یہ شخص نہایت غریب اور فُقرہ ہے جس کے پاس کھانے کو روٹی کا ایک لقمہ اور پہنے کو ڈھنگ کا لباس نہیں لیکن ضروری نہیں کہ ہرفقیر واقعی میں غریب بھی ہو۔ اس رپورٹ میں آپ سے ایک ایسے کروڑ پتی فقیر کا تعارف کرواتے ہیں جو بہ ظاہر تو ایک محتاج اور نہایت نادار شخص لگتا ہے مگر آپ اس کے بنک بیلنس اور جائیداد کے بارے میں جان کر حیران رہ جائیں گے۔

جی ہاں! یہ مصر کے ’چچا کامل‘ ہیں جن کے ذاتی بنک اکائونٹ میں کم سے کم 3.5 ملین مصری پائونڈ جمع ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ وہ شہرمیں دو گراں قیمت کوٹھیوں کے بھی مالک ہیں لیکن موصوف مانگنے کی لت سے کچھ ایسے مجبور ہیں کہ جب تک وہ دوسروں کے سامنے ہاتھ نہ پھیلائیں انہیں سکون میسر نہیں آتا۔

(جاری ہے)

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مصر کے اس کروڑ پتی فقیر کا رہائشی تعلق المنیا گورنری کے بنی مزار شہر سے ہے۔

اس نے اپنی پوری زندگی بھیک مانگنے اور اپنی ضرورت پوری کرنے کے لیے دوسروں کے سامنے ہاتھ پھلاتے اورسڑکوں پر دھکے کھاتے گذار دی۔ سال ہا سال کی بھیک نے اسے آج کروڑ پتی بنا دیا ہے لیکن اس کی فطرت اب بھی نہیں بدلی ہے۔ المنیا گورنری کے ایک مقامی مصری شہری محسن عبدالکریم جو کہ چچا کامل کے بنک بیلنس اور دو پلازوں سے واقف ہیں، نے ’’العربیہ ڈاٹ نیٹ‘‘ کو بتایا کہ میں ایک روز بنک میں اپنے کسی کام سے گیا تو میں نے دیکھا کہ چچا کامل بھی بنک کی ایک دیوار کے ساتھ ٹیک لگائے بیٹھا ہے۔

میں نے بنک کے ملازمین سے کہا کہ وہ بھی اس ’بیچارے‘ کی کچھ مدد کردیں، کیونکہ اس کا کوئی خاندان یا سہارا نہیں ہے، لیکن بنک کے ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ’صاحب‘ یہاں بھیک مانگنے نہیں بلکہ ایک ’صارف‘ کے طور پر یہاں اپنے بنک کے معاملات دیکھنے آتے ہیں کیونکہ یہ بھی ایک اکائونٹ ہولڈر ہیں۔ بنک ملازم کی بات پر میرا ماتھا ٹھنکا اور کئی دوسرے لوگوں کو بھی تجسس ہوا کہ آیا اس بھکاری کے اکاؤنٹ میں رقم کتنی ہوگی؟ کیونکہ ہم تو اسے ہمیشہ ایک غریب اور بھکاری ہی خیال کرتے رہے ہیں۔

تب ہمیں بنک ملازم نے بتایا کہ موصوف دن بھر کی ’کمائی‘ کا ایک بڑا حصہ یہاں جمع کرا دیتے ہیں اور اس وقت ان کے بنک اکائونٹ میں ساڑھے تین ملین مصری پائونڈز جمع ہیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ الجیزہ کی فیصل کالونی میں کروڑ پتی بھکاری کی ملکیتی دو عالی شان کوٹھیاں بھی ہیں۔ اس سب کے باوجود اللہ نے سڑکوں پر دھکے کھانا اور ذلت و رسوائی اٹھانا اس کی مقدر میں لکھ رکھا ہے۔ محسن عبدالکریم کا کہنا ہے کہ چچا کامل کے بنک بیلنس اور پلازوں کے بارے میں حیران کن معلومات ملنے کے بعد میں بنک سے باہر نکلا تاکہ چچا کامل سے ملوں لیکن تب تک وہ وہاں سے رفو چکر ہوچکا تھا۔ تاہم اب شہر میں اس کے چرچے عام ہیں اس کی دولت سے واقف لوگ اسےبھیک نہیں دیتے۔

متعلقہ عنوان :