ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا چار برس بعد چیمپئنز لیگ کے فائنل میں پہنچ گیا

بدھ 13 مئی 2015 11:45

ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا چار برس بعد چیمپئنز لیگ کے فائنل میں پہنچ ..

بارسلونا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 مئی۔2015ء) ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا کی ٹیم چار برس کے وقفے کے بعد یورپی چیمپئنز لیگ مقابلوں کے فائنل میں پہنچنے میں کامیاب رہی ۔بارسلونا کو جرمنی میں بائرن میونخ کے خلاف سیمی فائنل کے دوسرے مرحلے میں شکست ہوئی تاہم وہ دونوں مراحل میں زیادہ گول کرنے کی بنیاد پر فائنل میں پہنچی۔یہ 2011ء کے بعد پہلا موقع ہے کہ بارسلونا چیمپیئنز لیگ کا فائنل کھیلے گی۔

چھ جون کو برلن میں ہونے والے فائنل میں اس کا مقابلہ روایتی حریف اور دفاعی چیمپیئن ریال میڈرڈ یا اطالوی کلب یووینٹس سے ہوگا جو بدھ کو دوسرے سیمی فائنل میں مدِمقابل ہوں گے۔میونخ میں منگل کی شب کھیلے جانے والے میچ میں مقامی سائیڈ بائرن میونخ نے دو کے مقابلے میں تین گول سے فتح پائی تاہم پہلی لیگ میں تین صفر کی شکست کی وجہ سے وہ گولوں کے فرق پر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔

(جاری ہے)

بائرن کی جانب سے پہلا گول میدہی بیناتیا نے میچ کے ساتویں منٹ میں کر دیا تاہم آٹھ منٹ بعد ہی بارسلونا کے برازیلی سٹرائیکر نیمار نے لوئی سواریز کے پاس پر گول کر کے میچ برابر کر دیا۔نیمار نے 29 ویں منٹ میں ایک اور گول کر کے بارسلونا کو برتری دلوا دی جو پہلے ہاف کے اختتام تک قائم رہی۔دوسرے ہاف میں بائرن کی جانب سے رابرٹ لیوندوسکی اور ٹامس ملر نے مزید دو گول کیے اور اپنی ٹیم کو میچ میں فتح تو دلوا دی تاہم اسے فائنل تک پہنچانے میں ناکام رہے ۔

بارسلونا کی ٹیم 2006ء ، 2009ء اور2011ء میں گذشتہ تین مواقع پر جب بھی چیمپیئنز لیگ کے فائنل میں پہنچی فتح یاب رہی ۔2015ء میں بارسلونا ہسپانوی فٹبال کے دو مرکزی ٹورنامنٹس لا لیگا اور کوپا ڈیل رے جیت چکی ہے اور چیمپیئنز لیگ میں فتح کی صورت میں ’ٹریبل‘ مکمل کرنے میں کامیاب رہے گی

متعلقہ عنوان :