بالی وڈ بے بی ڈول سنی لیونی نے زندگی کی 34بہاریں دیکھ لیں

بدھ 13 مئی 2015 12:25

بالی وڈ بے بی ڈول سنی لیونی نے زندگی کی 34بہاریں دیکھ لیں

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 مئی۔2015ء) سنی لیونی، بالی وڈ انڈسٹری کا وہ نام جنہوں نے بہت ہی تھوڑے عرصے میں اپنا مقام بنا لیا۔ انکا اصل نام کیرن جیت کور وہرا ہے لیکن انکی شہرت سنی لیونی کے نام سے ہے۔سنی لیونی 13 مئی 1981 کو کینیڈا کے شہر ٹورونٹو میں پیدا ہوئیں انکا تعلق سکھ گھرانے سے ہے۔ سنی لیونی انڈو کینیڈین اداکارہ، ماڈل اور بزنس وومین ہیں لیکن اب یہ ایک معروف بالی وڈ اداکارہ کے طور پر پہچانی جاتیں ہیں۔

بالی وڈ انڈسٹری میں سنی لیونی کو متعارف کرانے کا سہرا بھارت کے نامور ہدایتکار مہیش بھٹ کو جاتا ہے۔ سنی کی مہیش بھٹ سے ملاقات 2011 میں انڈیا کے مشہور ریئیلٹی شو بگ باس میں ہوئی وہیں پر ہدایتکار نے انہیں اپنی فلم جسم ٹو کی پیش کش کی اور اسی فلم کے ذریعے اداکارہ نے بالی وڈ اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا۔

(جاری ہے)

سال 2012 میں انکی فلم جسم ٹو ریلیز ہوئی۔

یہ فلم 2003 میں ریلیز ہونے والی فلم جسم کا سیکوئل تھی۔ فلم اتنی کامیاب تو نہ ہو سکی لیکن سنی کی اداکاری کو سراہا گیا۔انکی دوسری فلم 2013 میں ریلیز ہوئی جسکا نام جیک پاٹ تھا یہ فلم بھی کچھ خاص کمائی تو نہ کر سکی لیکن پھر بھی سنی کی وجہ سے چر چے میں رہی۔ اسی سال بالی وڈ پروڈیوسر ایکتا کپور نے انہیں اپنی فلم شوٹ آوٴٹ ایٹ وڈالا کے ایک آئٹم نمبر لیلا کے لئے سائن کیا اس گانے میں انکے ساتھ تشار کپور اور جان ابراہم بھی جلوہ گر ہوئے تھے۔

اگلے سال یعنی 2014 میں ایکتا کپور نے انہیں اپنی فلم راگنی ایم ایم ایس ٹو میں مرکزی کردار میں کاسٹ کیا۔ راگنی ایم ایم ایس ٹو 2011 کی فلم راگنی ایم ایم ایس کا سیکوئل تھی۔ یہی وہ فلم تھی جسکے ایک گانے نے سنی لیونی کو بالی وڈ کی بے بی ڈول بنا دیا۔سنی نے بالی وڈ فلموں کے علاوہ تامل فلم ویداکری اور تلگو فلم کرنٹ تھیگا میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ساتھ ہی کننڈا فلم ڈی کے میں ایک آئٹم سانگ بھی کیا۔

سنی نے بالی وڈ فلم بلوندر سنگھ فیمس ہوگیا میں میکھا سنگھ کے ساتھ ایک آئٹم سانگ شیک ڈیٹ بوٹی کے نام سے کیا۔ اسکے علاوہ فلم ہیٹ اسٹوری ٹو میں بھی پنک لپس کے نام سے ایک آئٹم نمبر کیا جیسے مداحوں نے بہت پسند کیا۔سنی لیونی نے ایک پرائیوٹ سانگ ساری والی گرل میں بھی اپنے حسن کے جلوے بکھیرے۔اس خوبرو اداکارہ نے فلموں میں ہی نہیں بلکہ کمرشلز میں بھی کام کیا ساتھ ہی کئی فیشن شوز میں شو اسٹاپر بھی رہیں، اسکے ساتھ ریئیلیٹی شوز میں میزبانی کے فرائض بھی سر انجام دیئے۔

ان شوز میں ہانٹڈ ویک اینڈ ود سنی لیونی اور ایم ٹی وی اسپلٹ ویلا 7 شامل ہیں ، معروف چینل ایم ٹی وی نے اسپلٹ ویلا7 کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے انہیں اگلے سیزن کے لئے بھی سائن کر لیا ہے۔پچھلے مہینے 10 اپریل کو انکی فلم” ایک پہیلی لیلا “ریلیز ہوئی جو ابھی تک سینما گھروں میں کامیابی سے بزنس کر رہی ہے، فلم میں اداکارہ دو مختلف کرداروں میں جلوہ گر ہوئیں ہیں۔ اس فلم کے بعد اداکارہ نے ثابت کر دیا کہ وہ ایک ورسٹائل اداکارہ ہیں۔

متعلقہ عنوان :