سعید اجمل نے یاسر اور ذوالفقار کو کھلانے کی حمایت کی، مصباح الحق

بدھ 13 مئی 2015 18:39

سعید اجمل نے یاسر اور ذوالفقار کو کھلانے کی حمایت کی، مصباح الحق

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 مئی۔2015ء)پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ سعید اجمل نے ہمیشہ ٹیم کے مفاد کو ترجیح دی ہے۔ بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ میں انہوں نے یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر کو کھلانے کی حمایت کی تھی۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں مصباح الحق نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ سعید اجمل کو ٹیسٹ سیریز میں نہ کھلانا مشکل فیصلہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ سعید اجمل ہمیشہ ذاتی مفاد پر ٹیم کو ترجیح دیتے ہیں اسی لیے انہوں نے ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ کو کھلانے کی حمایت کی جنہوں نے گذشتہ ٹیسٹ سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ تجربہ کار اسپنر کو علم تھا کہ انہیں پانچ روزہ کرکٹ کے لیے درکار فارم حاصل کرنے میں ابھی وقت لگے گا۔

(جاری ہے)

امید ہے کہ وہ کاؤنٹی کرکٹ کھیل کر مطلوبہ فارم حاصل کرلیں گے۔

مصباح الحق نے پاکستانی فاسٹ بولرز کے مسلسل ان فٹ ہونے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایسی صورتحال کسی بھی ٹیم کے لیے پریشان کن ہوتی ہے۔ پاکستانی ٹیم کا صرف ایک بولر نہیں بلکہ پورا بولنگ اٹیک ہی سیٹ ہونے کے بعد ان فٹ ہو کر تبدیل ہوجاتا ہے۔مصباح الحق بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی جیت کو قومی ٹیم کی ٹیسٹ کرکٹ میں کارکردگی کا تسلسل سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کا پورا یقین تھا۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ قومی ٹیم نے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں عمدہ پرفارمنس کا سلسلہ بنگلہ دیش کے خلاف بھی برقرار رکھا۔ پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم زیادہ تجربہ کار کھلاڑیوں پر مبنی ہے اوراس کا موجودہ کمبی نیشن بہت اچھا ہے۔