فلپائن : فیکٹری میں آگ لگنے سے 72 ہلاک

جمعرات 14 مئی 2015 11:44

فلپائن : فیکٹری میں آگ لگنے سے 72 ہلاک

منیلا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مئی2015ء) فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں ایک جوتے بنانے والی فیکٹری میں آگ لگنے کے نتیجے میں 72 افراد ہلاک جبکہ متعدد لاپتہ ہوگئے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی نے مقامی انتظامیہ کے حوالے سے 72 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ نیشنل پولیس چیف لیونارڈو ایسپنا نے اپنی انتہائی جذبات پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ زیادہ تر افراد کی محض ہڈیاں اور ڈھانچے برآمد ہوئے ہیں۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے ہلاک اور لاپتہ افراد کے رشتے داروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ حادثے کی وجہ آگ سے بچاؤ کا خراب حفاظتی معیار تھا، جبکہ دوسری منزل پر لگائی گئی لوہے کی گِرلوں کی وجہ سے بھی لوگوں کو انخلاء کا راستہ نہیں مل سکا۔ اس کے ساتھ ساتھ فیکٹری ملازمین کو مناسب سیفٹی ٹریننگ بھی فراہم نہیں کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

فائر بریگیڈ اور امدادی ٹیموں نے لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے آپریشن کا آغاز کیا، تاہم بدھ کو رات گئے لگنے والی اس آگ کے بعد گرمی کی شدت بڑھ جانے اور عمارت کی مخدوش صورتحال کے باعث تلاش کا کام روک دیا گیا، جسے جمعرات کو دوبارہ شروع کیا گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق آگ لگنے سے قبل دھماکے کی آواز سنی گئی، تاہم واقعہ کی تفتیش جاری ہے۔ حکام نے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔ منیلا کے مضافات میں واقع اس دو منزلہ فیکٹری میں تقریباً 300 افراد کام کرتے تھے، فیکٹری میں مقامی مارکیٹ کے لیے پلاسٹک کے سستے جوتے اور چپلیں بنائی جاتی تھیں۔ جبکہ اس حوالے سے بھی سوالات اٹھائے جارہے ہیں کہ فیکٹری مالکان نے فائر اینڈ بلڈنگ سیفٹی اسٹینڈرڈز پر عمل کیا یا نہیں۔

متعلقہ عنوان :