آئی پی ایل 8 : بارش سے متاثرہ مقابلے میں کنگز الیون پنجاب فاتح

جمعرات 14 مئی 2015 12:43

آئی پی ایل 8 : بارش سے متاثرہ مقابلے میں کنگز الیون پنجاب فاتح

موہالی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار14مئی۔2015ء) آئی پی ایل سیزن آٹھ کے 50ویں معرکے میں بارش نے اوورز کی تعداد کو نصف کردیا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کنگز الیون پنجاب کے جارحانہ انداز سے کھیلنے والے بیٹسمینوں نے بائیس رنز سے فتح یقینی بنا لی ، دس اوورز پر مشتمل مقابلے میں رائل چیلنجرز بنگلور کو شکست کا سامنا کرنا پڑا اور آل راؤنڈ کھیل کی بدولت اکشر پٹیل مین آف دی میچ قرار پائے ۔

پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن سٹیڈیم پر رائل چیلنجرز نے ٹاس میں کامیابی کے بعد فیلڈ سنبھالی تو ابتدائی تین اوورز کے پاور پلے میں کنگز الیون پنجاب کے وکٹ کیپر بیٹسمین وریدھمان ساہا کی جارحانہ اننگز کی بدولت 38 رنز لوٹ لئے گئے ۔ ساہا نے 31 رنز میں 5 چوکے اور 1 چھکا لگایا جبکہ منن وہرہ 11، گلین میکسویل 10، ڈیوڈ ملر 14 اور کپتان جارج بیلی 13 رنز ہی بنا سکے ۔

(جاری ہے)

چھٹے نمبر پر آنے والے اکشر پٹیل نے 1 چھکے اور 1 چوکے کی مدد سے ناقابل شکست 20 رنز سمیٹ کر اپنی ٹیم کو مقررہ 10 اوورز میں 6 وکٹوں پر 106 رنز تک پہنچا دیا۔ ہرشل پٹیل اور یزویندر چاہل نے 2،2 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا ۔ رائل چیلنجرز بنگلور کی جانب سے کرس گیل نے 17 اور کپتان ویرات کوہلی نے 19 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو ابتدائی تین اوورز میں 33 رنز کا سٹارٹ دیا مگر ابراہام ڈی ویلیئرز 10 اور مندیپ سنگھ 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو اس کے بعد کوئی بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکا اور 6 وکٹوں پر 84 رنز ہی بنائے جا سکے ۔ انوریت سنگھ اور اکشر پٹیل نے 2،2 وکٹیں لے کر کنگز الیون پنجاب کو 22 رنز سے فتحیاب کرا دیا ۔

متعلقہ عنوان :