پاکستان ہاکی ٹیم برازیل میں منعقد ہونے والے اولمپک کیلئے کوالیفائی کر لے گی، چیف کوچ شہناز شیخ

جمعرات 14 مئی 2015 13:12

پاکستان ہاکی ٹیم برازیل میں منعقد ہونے والے اولمپک کیلئے کوالیفائی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 مئی۔2015ء) پاکستان ہاکی ٹیم کے چیف کوچ شہناز شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم اگلے سال برازیل میں منعقد ہونے والے اولمپک کیلئے کوالی فائی کر لے گی۔ ٹیم نے آسٹریلیا میں ناکامیوں سے بہت کچھ سیکھا ہے اور کھلاڑی ورلڈ ہاکی لیگ سے مزید فائدہ اٹھائیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے شہناز شیخ نے کہا کہ لاہور میں 40 ڈگری سنٹی گریڈ میں تربیت کے بعد 30 ڈگری میں کھیلنے کی وجہ سے آسٹریلیا کا دورہ آسان نہیں تھا۔

اتنی جلدی مکمل طور پر مختلف ماحول اور موسم میں ایڈجسٹ کرنا دشوار تھا‘۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو نیدرلینڈ میں ڈچ لیگ کھیلنے والے دو بہترین کھلاڑیوں ہاف بیک راشد محمود اور فارورڈ محمد رضوان سینئر کی خدمات حاصل نہیں تھیں۔

(جاری ہے)

دونوں کھلاڑی جنوبی کوریا کا دورہ شروع ہونے سے پہلے قومی ٹیم میں شامل ہو جائیں گے۔شہناز نے بتایا کہ تمام مسائل کو سامنے رکھتے ہوئے وہ ٹیم کی پرفارمنس اور پیش رفت سے مطمئن ہیں۔

واضح رہے کہ ہاکستان ہاکی ٹیم کل جمعہ کو جنوبی کوریا روانہ ہو گی جہاں پاکستان اور میزبان ٹیم 19،21،23 اور 24 مئی کو مدمقابل ہوں گی۔انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی فہرست میں دسویں درجہ پر موجود پاکستان ٹیم کے کوچ نے بتایا کہ قومی ٹیم نے ورلڈ نمبر ون آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے خلاف اپنی بھرپور استعداد کے ساتھ مقابلہ کیا۔ہاکی ورلڈ لیگ بیلجئیم میں 20 جون سے 5 جولائی تک منعقد ہو گی اور پول ’اے‘ میں پاکستان کا مقابلہ آسٹریلیا، فرانس، انڈیا اور پولینڈ سے ہو گا جبکہ پول ’بی‘ میں بیلجئیم، چین، برطانیہ، آ ئر لینڈ اور ملائیشیا مدمقابل ہوں گے۔پاکستان بیس جون کو پولینڈ کے خلاف میچ سے ٹورنامنٹ کا آغاز کرے گا۔

متعلقہ عنوان :