بھارتی پولیس نے چنائی سپر کنگز کی چیئر لیڈرز کے ہوٹل پر دھاوا بول دیا

جمعرات 14 مئی 2015 13:56

بھارتی پولیس نے چنائی سپر کنگز کی چیئر لیڈرز کے ہوٹل پر دھاوا بول دیا

رائے پور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار14مئی۔2015ء) بھارتی شہر رائے پور میں پولیس نے چنائی سپر کنگز کی چیئر لیڈرز کے ہوٹل پر دھاوا بول دیا، اہلکار بغیر کسی وجہ کے دندناتے ہوئے ان کے کمروں میں گھس گئے، الٹے سیدھے سوالات سے کافی دیر تک ہراساں کرتے رہے ، ہوٹل کے دیگر مہمانوں اور سپورٹس صحافیوں کو بھی نہیں بخشا، بغیر وارنٹ چھاپے کو ’معمول‘ کی کارروائی قرار دے دیا ۔

تفصیلات کے مطابق رائے پور میں گذشتہ دنوں دہلی ڈیر ڈیولز اور چنائی سپر کنگز کے درمیان میچ ہوا، اس مقابلے کے لیے یہاں آنے والی چنائی ٹیم کی چیئرلیڈرز کے ساتھ مقامی پولیس نے انتہائی ہتک آمیز سلوک کیا۔ ذرائع کے مطابق خواتین سمیت تقریباً ایک درجن پولیس اہلکار تین گاڑیوں پر سوار ہوکر مقامی ہوٹل پہنچے وہیں یہ چیئر لیڈرز مقیم تھیں،پولیس نے فوراً ہی ان لڑکیوں کے کمروں کے دروازے زورزور سے کھٹکھٹانے شروع کردیے جس سے ان کے دل ویسے ہی خوف سے دہل گئے ، دروازہ کھلتے ہی پولیس اہلکار جنگلیوں کی طرح کمروں میں داخل ہوئے اور لڑکیوں پر الٹے سیدھے سوالات کی بوچھاڑ کردی جس پر بعض لڑکیوں نے موبائل فونز پر اس مینجمنٹ کمپنی سے رابطہ کیا جس نے ان کی خدمات حاصل کی تھیں۔

(جاری ہے)

ان لڑکیوں میں سے اکثر کا تعلق انگلینڈ اور آسٹریلیا سے ہے۔ پولیس اہلکاروں نے ہوٹل کے دیگر مہمانوں اور وہاں مقیم سپورٹس صحافیوں کو بھی نہیں بخشا بلکہ ان کے کمروں کی بھی تلاشی لیتے رہے کہ کہیں وہاں پر تو کوئی چیئر لیڈر موجود نہیں ہے ۔ ایک لڑکی نے کہا کہ پولیس کا یہ چھاپہ انتہائی مضحکہ خیر تھا، اگر انھیں کچھ جاننا تھا تو ہمارے منیجر سے رابطہ کرتے، ہم یہاں باقاعدہ ورک پرمٹ لے کر آئی ہیں، ایسا بھارت میں ہمارے ساتھ پہلی مرتبہ ہوا۔

ہوٹل کے عملے کا بھی یہی کہنا ہے کہ پولیس نے سرچ وارنٹ کے بغیر چھاپہ مارا اور اس کا رویہ انتہائی خراب تھا۔ دوسری جانب کوتوالی پولیس سرکل کے سپریٹنڈنٹ انوشمان سنگھ کا کہنا ہے کہ یہ معمول کی کارروائی تھی، ہمیں معلوم ہوا تھا کہ ہمارے علاقے میں کچھ غیرملکی خواتین آئی ہیں، ہم صرف یہ جاننا چاہتے تھے کہ کوئی کسی مشکوک سرگرمی میں ملوث تو نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :