پی ایچ ایف دورہ جنوبی کوریا سے قبل ٹیم میں اختلافات ، دورے کی منسوخی کے حوالے سے زیر گردش خبروں پر برہم

جمعرات 14 مئی 2015 19:51

پی ایچ ایف دورہ جنوبی کوریا سے قبل ٹیم میں اختلافات ، دورے کی منسوخی ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 مئی۔2015ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری رانا مجاہد نے دورہ جنوبی کوریا سے قبل ٹیم میں اختلافات اور دورے کی منسوخی کے حوالے سے زیر گردش خبروں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لگتا ہے کہ فیڈریشن میں ’’را ‘‘کے ایجنٹ گھس آئے ہیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری رانا مجاہد نے کہا کہ ٹیم پروگرام کے مطابق (جمعہ ) کو جنوبی کوریا روانہ ہو گی اور 27مئی کو وطن واپس آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ فنڈز ملنے کے بعد کھلاڑیوں کو واجبات کی ادائیگی کردی جائے گی اور یہ تاثر درست نہیں ہے کہ کھلاڑی پیسے نہ ملنے کے باعث کوریا کے دورے پر نہیں جانا چاہتے۔ نجی ٹی وی کے مطابق انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ فیڈریشن میں ’’را ‘‘کے ایجنٹ گھس آئے ہیں جو منفی خبریں پھیلا رہے ہیں، ایسی افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔

(جاری ہے)

رانا مجاہد نے کہا کہ ٹیم اور مینجمنٹ کی فیڈریشن سے اختلافات کی خبریں بے بنیاد ہیں اور کھلاڑیوں کو مالی تحفظ فراہم کیا جائے گا۔پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عمران نے کہا کہ مالی مشکلات کے باوجود کھلاڑی ملک کے لیے کھیلنا چاہتے ہیں۔اس سے قبل پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں اور فیڈریشن کے درمیان اختلافات کی خبریں سامنے آئی تھیں جس کے مطابق دورہ جنوبی کوریا سے قبل ٹیم کے کھلاڑیوں نے دورہ آسٹریلیا کے واجب الادا الاؤنسز کا مطالبہ کردیا ہے۔

ٹیم ذرائع نے آگاہ کیا تھا کہ کھلاڑیوں کو آسٹریلیا کے حالیہ دورہ کے صرف پچاس فیصد الاؤنسز دیے گئے اور بقیہ واجبات پاکستان واپسی پر ادا ہونے تھے۔کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ آفیشلز بھی معاوضہ نہ ملنے پر نالاں تھے اور ان کا کہنا تھا کہ جب کھلاڑی کو ان کا بنیادی حق ہی نہیں مل رہا تو ان سے پرفارمنس کی توقع کرنا کسی صورت جائز نہیں۔اولمپک کوالیفائنگ رانڈ سے قبل قومی ہاکی ٹیم جنوبی کوریا کے خلاف چار میچز کھیلے گی۔ پہلا میچ 18 مئی کو کھیلا جائیگا۔