Live Updates

وزیرداخلہ کے دوبارہ منظر عام پر آنے کا خیر مقدم کرتے ہیں ، وہ اپنے حلقے کے دورے کی بجائے کراچی میں دہشتگردی کا شکار افراد کے لواحقین سے ملاقات کرتے تو زیادہ مناسب ہوتا ، چوہدری نثار نشتر زنی کی بجائے خیبرپختونخواہ کا دورہ کریں، تحریک انصاف کی سیکرٹری اطلاعات شیریں مزاری کا وفاقی وزیرداخلہ کی پریس کانفرنس پر رد عمل کا اظہار

ہفتہ 16 مئی 2015 22:08

وزیرداخلہ کے دوبارہ منظر عام پر آنے کا خیر مقدم کرتے ہیں ، وہ اپنے حلقے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 مئی۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہاہے کہ وزیرداخلہ کے دوبارہ منظر عام پر آنے کا خیر مقدم کرتے ہیں ، وفاقی وزیرداخلہ اپنے حلقے کے دورے کی بجائے کراچی میں دہشت گردی کے شکار شہریوں کے لواحقین سے ملاقات کرتے تو زیادہ مناسب ہوتا ، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نشتر زنی کی بجائے خیبرپختونخواہ کا دورہ کریں تاکہ انہیں صوبے میں پولیس سمیت دیگر محکموں میں کی گئی اصلاحات نظر آسکے۔

ہفتہ کواسلام آباد سے جاری بیان میں وفاقی وزیرداخلہ کی پریس کانفرنس پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے کہاکہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کراچی میں پیش آنے والے اندوہناک واقعے پر ایک مذمتی بیان تک جاری کرنا گوارا نہیں سمجھا، حالانکہ بطور وزیرداخلہ انہیں اپنے حلقے کے دورے کی بجائے کراچی میں دہشت گردی کا شکار خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے تھا اور ان کی آشک شوئی کرنا چاہیے تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بیان بازی کی بجائے وفاقی وزیر داخلہ ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کیلئے اپنی توانائیاں صرف کریں تو زیادہ بہتر ہوگا، کیونکہ کئی ماہ گزرنے کے باوجود دہشتگردی کے خلاف تیار کیے گئے قومی لائحہ عمل پر بھی کوئی قابل ذکر پیش رفت سامنے نہیں آسکی۔ ان کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخواہ میں وفاقی وزیر داخلہ کیلئے بہت سی مثالیں موجود ہیں جن سے سیکھ کر وہ اپنے وزارت کے امور کو بہتر بنا سکتے ہیں۔

ان کے مطابق خیبرپختونخواہ میں پولیس کو نا صرف مکمل طور پر غیر سیاسی بنایا جا چکا ہے بلکہ پولیس میں بھرتیوں کے نظام کو شفافیت اور میرٹ پر استوار کیا جا چکا ہے جبکہ ایماندار اور محنتی پولیس افسران کی مسلسل حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ خیبرپختونخواہ کی صوبائی حکومت وفاقی حکومت کے برعکس نیکو کارہ جیسے قابل افسران کے خلاف انتقامی کارروائی کی بجائے انہیں عزت اور احترام سے نوازتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دھاندلی کے خلاف تحریک انصاف کا موقف روز اول سے انتہائی واضح اور نمایاں ہے اور ہم یہ سمجھتے ہیں کہ انتخابات میں شفافیت کے بغیر ملک میں صحت مند جمہوریت کا قیام ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی تحریک کے نتیجے میں ملک میں پہلی مرتبہ عدالتی کمیشن کا قیام عمل میں آیا جس کی وجہ سے احتساب کے عمل کا بھی آغاز ہو چکا ہے اور آئندہ کسی بھی سیاسی طالع آزما کیلئے انتخابات میں دھاندلی ممکن نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحریک انصاف کو چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں قائم ہونے والے کمیشن پر مکمل اعتماد ہے اور ہماری جماعت کمیشن کا فیصلہ قبول کریگی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات