دو کروڑ 75 لاکھ غیر تصدیق شدہ سمیں بند

Fahad Shabbir فہد شبیر ہفتہ 16 مئی 2015 23:37

دو کروڑ 75 لاکھ غیر تصدیق شدہ سمیں بند

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16مئی۔2015ء)پاکستان ٹیلی کمیونیکشن نے 15 مئی کی ڈیڈ لائن مکمل ہونے پر دو کروڑ 75 لاکھ غیر تصدیق شدہ متحرک سمیں بند کر دیں۔ پی ٹی اے کی جانب سے تصدیقی مہم کے دوران دس کروڑ تیس لاکھ میں سے سات کروڑ 55 لاکھ سموں کی تصدیق ممکن ہو سکی ہے۔ پی ٹی اے نے جمعہ کو مہم ختم ہونے کے بعد موبائل آپریٹنگ کمپنیوں کو غیر تصدیق شدہ سمیں بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو جاری پی ٹی اے بیان میں بتایا گیا کہ بند سمیں کسی بھی وقت بائیو میٹرک تصدیق کے بعد کھلوائی جا سکتی ہیں۔ یاد رہے کہ سموں کی تصدیق قومی ایکشن پلان کا ایک حصہ تھا۔ اس حوالے سے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور پی ٹی اے کو رواں سال جنوری میں یہ مہم چلانے کا کام سونپا گیا تھا۔ ابتدا میں مہم کی کامیابی مشکل نظر آ رہی تھی کیونکہ ماضی کی حکومتیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اس مطالبے کو پورا کرنے میں ناکام رہی تھیں۔ پی ٹی اے نے مہم کی کامیابی پر لوگوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔