زمبابوے کیخلاف سیریز میں پاکستانی سکواڈز کی ابتدائی فہرست تیار،(کل) اعلان کیا جائے گا

ٹی ٹوئنٹی میچز کیلئے سابق کپتان شعیب ملک اور عمراکمل کو منتخب کیے جانے کا امکان

اتوار 17 مئی 2015 17:14

زمبابوے کیخلاف سیریز میں پاکستانی سکواڈز کی ابتدائی فہرست تیار،(کل) ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 مئی۔2015ء) زمبابوے کیخلاف سیریز میں پاکستانی اسکواڈز کی ابتدائی فہرست تیار کرلی گئی، کوچ وقار یونس اور ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی سے مشاورت کا عمل مکمل جبکہ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے قائد شاہد آفریدی سے بھی رائے لے لی گئی ہے حتمی ٹیم کا اعلان (کل) پیر کو کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق زمبابوے کیخلاف میچزکے لیے دونوں فارمیٹ کی پاکستانی ٹیموں کا اعلان (کل)متوقع ہے،ذرائع کاکہنا ہے کہ ابتدائی فہرستیں تیار کی جا چکی ہیں، اس حوالے سے چیف سلیکٹر ہارون رشید نے بتایا کہ سلیکشن کمیٹی فیصل آباد میں سپر ایٹ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے دوران روزانہ کھلاڑیوں کے ناموں پر غور کررہی ہے، کوچ وقار یونس اور ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے قائد شاہد آفریدی سے ٹیلی فون پررائے لینے کے بعد چیئرمین پی سی بی شہریار خان کی منظوری سے اسکواڈز کا اعلان کردیا جائے گا، ذرائع کے مطابق سابق کپتان شعیب ملک اور عمراکمل کو منتخب کیے جانے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

آل راوٴنڈر نے ایونٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، آئندہ سال بھارت میں شیڈول ٹوئنٹی 20ایونٹ میں تجربہ کار کھلاڑی کا خلا پْر کرنے کے لیے انھیں موقع دیا جاسکتا ہے، عمراکمل نے بھی فیصل آباد وولفز کے خلاف85رنز بنانے کے بعد ہفتے کو ملتان ٹائیگرز سے میچ میں 95رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی،اس سے نوجوان بیٹسمین کا کیس بھی مضبوط نظر آتا ہے۔ دوسری جانب سلیکٹرز مستقبل کے لیے کھلاڑیوں کا پول تیار کرنے کے لیے ڈیٹا اکٹھا کررہے ہیں، چیئرمین پی سی بی کی خصوصی ہدایت پر فٹنس کو خاص طور پر پیش نظر رکھا جارہا ہے۔