محکمہ موسمیات نے لاہور سمیت کئی علاقوں میں بارش کی پیشنگوئی کر دی

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 17 مئی 2015 19:19

محکمہ موسمیات نے لاہور سمیت کئی علاقوں میں بارش کی پیشنگوئی کر دی

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17مئی۔2015ء) خیبر پختونخوا، اسلام آباد، راولپنڈی اور بالائی علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا لیکن سندھ میں سورج آگ برساتا رہا۔ بارش برسانے والی ہواؤں کا نیا سلسلہ آج بالائی علاقوں میں داخل ہوگا۔ لاہور سمیت کئی علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کر دی گئی۔پشاور، کرک، کوہاٹ، دیر، سوات اور مالاکنڈ میں بادل برسے تو گرمی سے ستائے عوام ضبط کے بندھن توڑ کر موج مستی کیلئے تفریح گاہوں میں پہنچ گئے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ بدھ تک جاری رہے گا اور کسی طوفان کا خطرہ نہیں ہے۔ جڑواں شہروں میں بارش ہوئی تو شہر بے مثال کا حسن دوبالا ہو گیا۔ دوسری جانب سندھ میں گرمی کا زور نہ ٹوٹ سکا۔ لاڑکانہ اور جیکب آباد میں سورج آگ برساتا رہا۔ سبی اور گردونواح میں بھی درجہ حرارت 47 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آج بارش کا امکان ہے جبکہ منگل اور بدھ سے بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں بادل برسیں گے۔

متعلقہ عنوان :