کراچی ڈولفنز کو روند کر سیالکوٹ سٹالنیز کی فائنل میں رسائی

پیر 18 مئی 2015 12:34

کراچی ڈولفنز کو روند کر سیالکوٹ سٹالنیز کی فائنل میں رسائی

فیصل آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار18مئی۔2015ء) کول اینڈ کول کے تعاون سے ہائر سپر ایٹ ٹی ٹونٹی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں سیالکوٹ سٹالینز کی ٹیم کراچی ڈولفنز کو 65 رنز کے بڑے مارجن سے روند کر فائنل میں پہنچ گئی ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام سپر ایٹ ٹی ٹوئنٹی کپ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا ہے ۔ کراچی ڈولفنز کے کپتان محمد سمیع نے ٹاس جیت کر بالرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا جو اس وقت غلط ثابت ہوا جب اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں ایونٹ کی ناقابل شکست ٹیم سیالکوٹ اسٹالینز نے نعمان انور سمیت ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت 19.4 اوورز میں تمام وکٹوں پر 167 رنز کا قابل ذکر مجموعہ حاصل کرلیا۔

مختار احمد اور نعمان انور نے ٹیم کو 74 رنزکا پُر اعتماد آغاز فراہم کیا۔

(جاری ہے)

مختار احمد 19 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 25 رنز بنا کر فراز احمد کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوگئے ۔ سیالکوٹ اسٹالینز کے دوسرے آئوٹ ہونے والے بیٹسمین نعمان انور نے نہایت جارحانہ بیٹنگ کی اور محض 43 گیندوں پر 80 رنز بنا ڈالے جس میں 5 بلند و بالا چھکے اور 9 دلکش چھکے بھی شامل تھے ۔

بعد ازاں بلال آصف نے دو، دو چھکوں اور چوکوں کی مدد سے 13 گیندوں پر 25 رنز بناکر بڑے مجموعے کی راہ ہموار کرلی، کپتان شعیب ملک نے 22 رنز کا حصہ ڈالا۔ سیالکوٹ اسٹالینز کے دیگر کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے ۔ کراچی ڈولفنز کے عبدالامیر اور فراز احمد نے بالترتیب 38 اور 30 رنز دے کر 3، 3 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔ فواد خان نے 39 رنز کے عوض دو مہرے کھسکائے جبکہ کپتان محمد سمیع نے ایک وکٹ پر اکتفا کیا۔

168 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی ڈولفنز کی ٹیم محمد وقاص، رمیز راجہ اور شاہ زیب حسن کی عمدہ کوشش کے باوجود 17 اوورز میں 102 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ محمد وقاص، رمیز راجہ اور شاہ زیب حسن نے بالترتیب 29، 24 اور 20 رنز کئے جبکہ دیگر کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے ۔سیالکوٹ سٹالینز کے اسامہ میر اور بلال آصف نے بالترتیب 16 اور 20 رنز دے کر 3، 3 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ علی خان نے دو رنز کے عوض دو مہرے کھسکائے جبکہ سلطان احمد اور بلال بھٹی نے ایک شکار کیا۔ فاتح ٹیم کے نعمان انور پلیئر آف دی میچ قرار پائے ، سابق صوبائی وزیر قانون وبلدیات رانا ثناء اﷲ خاں اورڈی سی اونورالامین مینگل اس موقع پر مہمانان خصوصی تھے ۔

متعلقہ عنوان :