سپر 8 ٹی ٹوئنٹی ، فائنل میں سیالکوٹ سٹالینز اور لاہور لائنز مد مقابل ہوں گی

پیر 18 مئی 2015 13:28

سپر 8 ٹی ٹوئنٹی ، فائنل میں سیالکوٹ سٹالینز اور لاہور لائنز مد مقابل ..

فیصل آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار18مئی۔2015ء) سپر 8 ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں لاہور لائنز کی ٹیم نے راولپنڈی ریمز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ فائنل آج سیالکوٹ اسٹالینز اور لاہور لائنز کے درمیان کھیلا جائے گا ۔ سپر 8 ٹی ٹوئنٹی کپ کا فائنل آج رات سات بجے شروع ہو گا۔ لاہور لائنز کی قیادت کامران اکمل کر رہے ہیں جبکہ سیالکوٹ سٹالینز کے کپتان شعیب ملک ہیں۔

ایونٹ کی فاتح ٹیم بھارت میں ہونے والی چیمپئنز لیگ میں شرکت کرے گی۔ گزشتہ روز پہلے سیمی فائنل میں سیالکوٹ سٹالینز نے کراچی ڈولفنز کو 65 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سیالکوٹ سٹالینز نے 167 رنز بنائے۔ جواب میں کراچی ڈولفنز کی پوری ٹیم سترہویں اوور میں 102 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔

(جاری ہے)

سیالکوٹ کے نعمان انور 80 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر مین آف دی میچ قرار پائے۔

دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن لاہور لائنز نے راولپنڈی ریمز کو چار وکٹوں سے شکست دیدی۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے راولپنڈی ریمز مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر صرف 100 رنز ہی بنا سکی۔ طیب ریاض 22 کے ساتھ نمایاں رہے۔ اعزاز چیمہ اور مصطفی اقبال نے 2 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ لاہور لائنز نے ہدف آخری اوور میں چھ وکٹوں پر پورا کر لیا۔ احمد شہزاد نے 58 اور ناصر جمشید نے 26 رنز بنائے۔ راولپنڈی ریمز کے حماد اعظم نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ احمد شہزاد کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :