خوش قسمت نوجوان اڑھائی میٹر لمبے مگر مچھ کے 6 حملوں کے باوجود زندہ بچ گیا

پیر 18 مئی 2015 13:49

خوش قسمت نوجوان اڑھائی میٹر لمبے مگر مچھ کے 6 حملوں کے باوجود زندہ بچ ..

سڈنی ۔18مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ ۔2015ء) آسٹریلیا میں ایک خوش قسمت نوجوان اڑھائی میٹر لمبے مگر مچھ کے 6حملوں کے باوجود زندہ بچ گیا۔ آسٹریلوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق 29 سالہ کرس کیپنگ ساحل سمندر پر کائٹ سرفنگ کر رہا تھا کہ اس کے کائٹ سرف کی رسیاں آپس میں الجھ گئیں اور وہ سمندر میں گر گیا۔ کرس کیپنگ کے مطابق وہ رسیاں کھولنے کی کوشش کر رہا تھا کہ ایک بڑے مگر مچھ نے اس پر اچانک پیچھے سے حملہ کر کے اس کا کندھا اپنے جبڑوں میں لے لیا اور اسے جھنجوڑنا شروع کر دیا۔

(جاری ہے)

مگر مچھ اسے پانی کی سطح کے نیچے لے جانا چاہتا تھا لیکن اس کے جسم کے رسیوں میں پھنسے ہونے کی وجہ سے اپنی کوشش میں کامیاب نہ ہوسکا اور دو منٹ بعد مگر مچھ نے اسے جھنجوڑنا ترک کر دیا لیکن اس کے کندھے پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اس دوران نوجوان کی نظر اس کی آنکھ پر پڑی تو دوسرے ہاتھ کی ایک انگلی سے اس نے مگر مچھ کی آنکھ کو نشانہ بنایا اس حملے پر مگر مچھ نے اسے چھوڑ دیا۔ نوجوان نے گرفت سے نکلتے ہی ساحل کا رخ کیا لیکن مگرمچھ واپس آگیا اور اس پر مزید پانچ بار اسے اپنی گرفت میں لینے کی کوشش کی لیکن اپنے سرف سے مگر مچھ کے حملے کامیابی سے روکتے ہوئے وہ بالاآخر ساحل کے پر پہنچنے میں کامیاب ہوگیا۔