ممکنہ دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر ریلوئے اسٹیشنوں ، ٹریکوں اور مسافر ٹرینوں میں سیکورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں ،ایس پی ریلوئے سکھر ڈویژن ملک محمد عتیق

پیر 18 مئی 2015 20:16

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18مئی۔2015ء)ایس پی ریلوئے سکھر ڈویژن ملک محمد عتیق نے کہا ہے کہ ممکنہ دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر ریلوئے اسٹیشنوں ، ٹریکوں اور مسافر ٹرینوں میں سیکورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں پولیس جوان اپنی ڈیوٹی بخوبی سر انجام دیں اور کسی بھی عناصر کو ریلوئے کا نظام درہم برہم نہ کرنے دیں ریلوئے پولیسکے شعبہ ویلفیئر کو فعال کر کے بہتر انداز میں چلایا جا رہا ہے اور گذشتہ تین ماہ کے دوران زیر التواء 28کیسوں کا نمٹا دیا گیا ہے جس پر شہید پولیس اہلکاروں کی بیواؤں اور ورثا ء میں خوشی کی لہر دوڑ رہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایس پی ریلوئے آفس میں منعقد ماہانہ دربار سے خطاب اور بعد ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا دربار میں ڈی ایس پی ریلوئے سکھر ڈویژن سید ذوالفقار علی شاہ ، ریڈر جاوید احمد ، سی ایچ او منظور احمد ، پی آر او ملک محمد داؤد سمیت ایس ایچ او ، سب انسپکٹر ، اے ایس آئی ، ہیڈ کانسٹیبل ، کانسٹیبل ، وومین پولیس اہلکاروں سمیت متعلقہ اسٹاف کی بڑی تعداد نے شرکت کی ایس پی ریلوئے سکھر ڈویژن ملک محمد عتیق کا مزید کہنا تھا کہ ممکنہ تخریب کاری کے خطرات کے پیش نظر ریلوئے ٹریک کے چار کلو میٹر فاصلے تک پولیس کمانڈوز تعینات کر دیئے ہیں جو اپنی ڈیوٹی بخوبی سر انجام دے رہے ہیں شہید پولیس اہلکاروں کے ورثاء کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی کوشش جاری ہے اور بہتر کار کردگی دیکھانے والے افسران و اہلکاروں کو تعریفی اسناد دیکر کے ان کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے ماہانہ دربار میں شہید اور فوت ہونے والے پولیس اہلکاروں کی روح کو ایصال ثواب پہنچانے کیلئے دعا مغفرت بھی کی جبکہ ایس پی ریلوئے سکھر ڈویژن ملک محمد عتیق نے دربار میں پولیس افسران اور اہلکاروں کے مسائل سننے اور ان کے حل کیلئے فوری احکامات صادر فرمائے ۔