ریڈیو پاکستان کی مسلسل گرتی مالی حالت بہتر بنانے کی غرض سے نئی گاڑیوں کی رجسٹریشن کیساتھ ریڈیو فیس لازمی قرار دینے کا فیصلہ،رجسٹریشن کرواتے وقت ریڈیو پاکستان کی سالانہ 5000روپے فیس بھی ادا کرنا ہو گی ،سمری ایک دو روز میں ایوان وزیراعظم ارسال کر دی جائیگی

پیر 18 مئی 2015 22:15

ریڈیو پاکستان کی مسلسل گرتی مالی حالت بہتر بنانے کی غرض سے نئی گاڑیوں ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 مئی۔2015ء) ریڈیو پاکستان کی مسلسل گرتی ہوئی مالی حالت بہتر بنانے کی غرض سے آئندہ مالی سال سے نئی گاڑیوں کی رجسٹریشن کے ساتھ ریڈیو فیس لازمی قرار دینے کا فیصلہ کر لیا گیا،تیار کی جانے والی سمری ایک دو روز میں ایوان وزیر اعظم ارسال کر دی جائے گی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان کی جانب سے کئی سال قبل پاکستان ٹیلی وژن کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے ملک بھر کے بجلی صارفین کے بجلی کے بلوں میں پی ٹی وی لائسنس کی فیس ادا کرنے کی پالیسی بنا کر اس پر عمل درآمد کروایا گیا جو کہ تاحال جاری ہے۔

تاہم اب حکومت نے ریڈیو پاکستان کی روزانہ کی بنیاد پر گرتی ہوئی ساکھ کو سنبھالا دینے کی غرض سے اس کے ماہانہ اور سالانہ آمدن کا گراف بہتر بنانے کی پالیسی ترتیب دی ہے جس کے پیش نظر آئندہ مالی سال 2015-16سے ملک بھر میں خریدی جانے والی نئی گاڑیوں کے مالکان کو رجسٹریشن بک اسی وقت جاری ہو گی جب وہ رجسٹریشن کرواتے وقت ریڈیو پاکستان کی سالانہ 5000روپے فیس بھی ادا کر دیں گے۔ذرائع نے بتا یا کہ وفاقی حکومت اس حوالے سے اصولی فیصلہ کر چکی ہے اور اسکی سمری منظوری کے لئے جلد وزیر اعظم کو ارسال کر دی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :