زمبابوے کرکٹ ٹیم کوسیکورٹی فراہم کرنے کے لئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں‘ صوبائی وزیر داخلہ

منگل 19 مئی 2015 16:52

زمبابوے کرکٹ ٹیم کوسیکورٹی فراہم کرنے کے لئے فول پروف انتظامات کئے ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19 مئی۔2015ء) صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا ہے کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم کوسیکورٹی فراہم کرنے کے لئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ،رینجرز،ایلیٹ فورس او رپولیس کے 10ہزار افسران و اہلکاران غیر ملکی ٹیم کو سکیورٹی فراہم کریں گے جبکہ 3ہیلی کاپٹرز فضائی نگرانی کریں گے ۔انہوں نے یہ بات یہا ں اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ 6سال بعد ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی دوبارہ بحالی نہایت خوش آئند ہے اور زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کے دورہ کے بعد دیگر ممالک کی ٹیموں کے سکیورٹی بارے خدشات دور ہوں گے اور پہلے کی طرح غیر ملکی ٹیمیں پاکستان کے دورے کر سکیں گے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر داخلہ نے بتایا کہ ٹریفک حکام کو ٹریفک رواں دواں رکھنے کے بارے میں بھی ہدایات دیدی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک صرف زمبابوے کرکٹ ٹیم کو لانے اور لے جانے کے وقت پر ہی روکی جائے گی اور جونہی ٹیم سٹیڈیم یا ہوٹل پہنچے گی ٹریفک فورا کھول دی جائے گی۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلے میں ٹریفک پولیس سے تعاون کریں ۔کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا کہ زمبابوے ٹیم نے سیکورٹی معاملات بارے اپنے بھر پور اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹیم کی سکیورٹی کے معاملات بارے میں مزیدبتایا کہ سیکورٹی پلان تشکیل دیتے وقت چھوٹی سے چھوٹی جزئیات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :