ایف آئی اے تحقیقات جاری، 'ایگزیکٹ' کے دفاتر پر چھاپے

منگل 19 مئی 2015 16:55

ایف آئی اے تحقیقات جاری، 'ایگزیکٹ' کے دفاتر پر چھاپے

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19مئی2015ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی جانب سے امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز میں پاکستانی کمپنی ایگزیکٹ سے متعلق شائع ہونے والی رپورٹ کی تحقیقات کے حکم کے بعد ایف آئی اے ٹیم کراچی اور اسلام آباد میں کمپنی کے دفاتر پہنچ گئی۔ وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق چوہدری نثار نے منگل کو فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کو معاملے کی فوری طور پر تحقیق کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق وزیر داخلہ چوہدی نثار نے اس بات کا تعین کرنے کے بھی احکامات جاری کیے ہیں کہ نیو یارک ٹائمز کی خبر میں کتنی صداقت ہے؟ وزیر داخلہ کی ہدایت کے بعد ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی شاہد حیات کی سربراہی میں 7 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ جس کے بعد ایف آئی اے ٹیم اسلام آباد اور کراچی میں ایگزیکٹ کے دفاتر پہنچی اور کمپنی کے کمپیوٹر اور فائلیں اپنے قبضے میں لے لیں، جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایگزیکٹ کے چند ملازمین کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔ جبکہ اسلام آباد میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے طاہر تنویر کے مطابق ایگزیکٹ کے دو دفاتر کو سیل کردیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :