پاک بھارت سیریز کیلئے مذاکرات کا دوسرا دور 15جون کے بعد ہوگا

پاک بھارت سیریز کی بحالی پرمذاکرات پندرہ جون کے بعد شروع ہوں گے، پی سی بی نے سیریز یواے ای میں انعقاد کی تجویزدی ہے، حتمی فیصلے سے قبل دونوں بورڈز کے درمیان کچھ امورکاطے ہونا ضروری ہیں، سیریز کیلئے بی سی سی آئی کی منظوری کافی نہیں، کرکٹ تعلقات کی بحالی بارے حتمی فیصلہ بھارتی گورنمنٹ کرے گی بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 20 مئی 2015 18:21

پاک بھارت سیریز کیلئے مذاکرات کا دوسرا دور 15جون کے بعد ہوگا

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20مئی۔2015ء) بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے کہا ہے کہ پاک،بھارت سیریز کی بحالی پرمزید مذاکرات پندرہ جون کے بعد ہوں گے۔چیئرمین پی سی بی شہریارخان کے گذشتہ دورہ بھارت میں باہمی سیریز کے دسمبر میں انعقاد پراتفاق ہو گیا تھا۔ بھارتی حکومت نے بھی بورڈ کوگرین سگنل دیدیا لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ نے اب تک حتمی جواب نہیں دیا۔

بورڈ کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے کہاہے کہ پاک،بھارت سیریز کی بحالی پرمذاکرات پندرہ جون کے بعد شروع ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیریز کے یواے ای کے نیوٹرل وینیو پر انعقاد کی تجویزدی ہے۔ اس بارے میں حتمی فیصلے سے قبل دونوں بورڈز کے درمیان کچھ امورکاطے ہونا ضروری ہے۔ انوراگ ٹھاکرنے کہا کہ سیریز کیلئے بی سی سی آئی کی منظوری کافی نہیں۔پاکستان سے کرکٹ تعلقات کی بحالی کے بارے میں حتمی فیصلہ بھارتی گورنمنٹ کرے گی۔گذشتہ دنوں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے عندیہ دیا تھاکہ پاکستان سے دوستی اور تعلقات میں بہتری کی خاطر ہم پڑوسی ملک سے کرکٹ کو استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ اورپاک،بھارت کرکٹ روابط کی بحالی کے حق میں ہیں۔