بالغوں کی ویب سائٹ کا ڈیٹا چوری ،لاکھوں صارفین شدید پریشانی کا شکار

اتوار 24 مئی 2015 15:53

بالغوں کی ویب سائٹ کا ڈیٹا چوری ،لاکھوں صارفین شدید پریشانی کا شکار

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 مئی۔2015ء ) حیا سوز تعلقات کو فروغ دینے کے لئے قائم کی گئی بدنام زمانہ ویب سائٹ ’’اڈلٹ فرینڈ فائنڈر‘‘ نے اپنے صارفین پر یہ انکشاف کرکے بجلی گرا دی ہے کہ ان کا پرائیویٹ ڈیٹا بڑے پیمانے پر لیک ہوگیا ہے، مختصر دورانیے کے تعلقات کے لئے ساتھی ڈھونڈنے میں مدد فراہم کرنے والی ویب سائٹ کے تقریبا ساڑھے چار کروڑ صارف ہیں۔

(جاری ہے)

برطانوی میڈیا کے مطابق ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ اس کے تقریبا چالیس لاکھ صارفین کا حساس نوعیت کا ڈیٹا چوری ہوگیا ہے جس میں ای میل ایڈریس، جنسی ترجیحات اور دیگر پرائیویٹ معلومات شامل ہیں۔ اس انکشاف کے بعد ویب سائٹ کے لاکھوں صارفین شدید پریشانی کا شکار ہوگئے ہیں کیونکہ وہ نہیں جانتے کہ کب اور کہاں ان کی شرمناک تفصیلات دنیا کے سامنے آجائیں گی۔ ویب سائٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈیٹا چوری ہونے کی اطلاع پولیس کو دے دی گئی ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ انتظامیہ کے ایک بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہوجاتیں یہ بتانا ممکن نہیں ہوگا کہ اس واقع میں کل کتنے صارفین متاثر ہوئے ہیں اور ڈیٹا کی چوری کا پھیلا اور گہرائی کس حد تک ہے۔