پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام ریجنل انٹرڈسٹرکٹ کرکٹ ٹورنامنٹ، افتتاحی میچ میں چارسدہ نے سوات کو شکست دیدی

اتوار 24 مئی 2015 18:18

پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام ریجنل انٹرڈسٹرکٹ کرکٹ ٹورنامنٹ، افتتاحی ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 مئی۔2015ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام ریجنل انٹرڈسٹرکٹ سینئر کرکٹ ٹورنامنٹ 2015-16 کے افتتاحی میچز میں چارسدہ نے سوات کو شکست دیدی جبکہ پشاور اور نوشہرہ کے مابین میچ بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہو گیا۔ ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم پشاور میں کھیلے گئے پشاور اور نوشہرہ کے مابین میچ کے تیسرے اور آخری روز نوشہرہ کی ٹیم دوسری ایننگ میں 228 رنز بنا سکی اور پشاور کو جیتنے کیلئے 307 رنز کا ہدف دیا۔

تاہم میچ کے اختتام پر پشاور کی ٹیم 2 وکٹوں کے نقصان پر 100رنز بنا پائی جس میں صاحبزادہ فرحان 38 اور خان بہادر24 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ۔ نوشہرہ کی جانب سے سید حسن علی شاہ نے اور ظہور احمد نے 1,1 وکٹ حاصل کی ۔ نوشہرہ کی ٹیم نے پہلی ایننگ میں برتری پر تین پوائنٹس حاصل کئے ۔

(جاری ہے)

دوسرا میچ جمخانہ کرکٹ گراؤنڈ پر سوا ت اور چارسدہ ڈسٹرکٹ کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا ۔

جس میں چارسدہ کی ٹیم نے دوسری ایننگ میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 276 رنز بنا کر ٹیم ڈکلیئر کر دی اور جیتنے کیلئے 308 کا ہدف دیا۔ چارسدہ کے محمد ادریس 63 اور فیصل کمال 56 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ۔سوات کی جانب سے باؤلنگ میں قیصرخان اور کیشور علی نے 2,2 کھلاڑیوں کو آؤ ٹ کیا۔ جواب میں سوات کی ٹیم دوسری ایننگ میں 198 رنز پر ڈھیر ہو گئی ۔ محمد بلال 51 رنز بناپائے ۔ چارسدہ کے سجاد احمد نے 5 جبکہ اکمل خان نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ چارسدہ کی ٹیم نے میچ 109 رنز سے جیت کر میچ میں 9 پوائنٹس حاصل کئے ۔ میچ میں امپائرنگ کے فرائض فاروق باجوہ اور جمشید اقبال نے سرانجام دیئے جبکہ سکورر نورمحمد تھے ۔