پاک بھارت سیریز کا انعقاد مشکل نظر آتا ہے تاہم شہر یار خان کے بھارت میں اثر و رسوخ کے مثبت نتائج نکل سکتے ہیں ‘ سابق وکٹ کیپرذوالقرنین حیدر

اتوار 24 مئی 2015 20:45

پاک بھارت سیریز کا انعقاد مشکل نظر آتا ہے تاہم شہر یار خان کے بھارت ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 مئی۔2015ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر ذوالقرنین حیدر نے کہا ہے کہ پاک بھارت سیریزکاانعقادمشکل نظرآتاہے تاہم چیئرمین پی سی بی کے بھارت میں اثر و رسوخ کی وجہ سے مثبت نتائج نکل سکتے ہیں،پاکستان اور زمبابوے کے مابین ون ڈے سیریز بھی کانٹے دار ہوگی ۔ وہ گزشتہ روز یہاں میڈیا سے گفتگوکر رہے تھے ۔ سابق وکٹ کیپر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت سیریز کا انعقاد مشکل نظر آرہا ہے لیکن چیئرمین پی سی بی کا بھارت میں کافی اثر و رسوخ ہے اور امید ہے کہ ان کی کوششیں کامیاب ہوں گی اور دونوں روایتی حریفوں کے مابین سیریز کے انعقاد میں حائل تمام رکاوٹیں دور ہوجائیں گی۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ وہ اپنی پریکٹس جاری رکھے ہوئے ہیں اور روزانہ چار گھنٹے ٹریننگ کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

گزشتہ کئی سالوں سے ڈومیسٹک کرکٹ میں ان کی کارکردگی بہت اچھی رہی ہے اور امید ہے کہ میں ایک نہ ایک دن ٹیم میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوجاؤں گا ۔مجھے یقین ہے کہ چیئرمین پی سی بی شہر یار میرے معاملہ پر غور کریں گے ۔ذوالقرنین حیدر نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ پاکستانی کرکٹرز بھی غیر ملکی کرکٹرز کی طرح ٹریننگ کرتے ہیں لیکن سٹریس کی وجہ سے پاکستانی کھلاڑی ان فٹ ہوتے ہیں ،سٹریس سے مسلز پر کھچاؤ پڑتا ہے جس کی وجہ سے ان کی فٹنس متاثر ہوتی ہے ۔

ان کو ان فٹ ہونے سے بچانے کے لئے ان کے سٹریس میں کمی لانی ہوگی ۔ْواضح رہے کہ ذوالقرنین حیدر جو کہ پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ تھے وہ 2010 دوبئی میں ساؤتھ افریقہ کے خلاف پانچویں ون ڈے کی صبح اپنے ہوٹل کے روم سے غائب ہوگئے تھے اور بعد میں پتہ چلا کہ وہ انگلینڈ پہنچ گئے تھے۔ان کا دعوی تھا کہ ان کو نامعلوم افراد کی طرف سے دھمکیاں ملی تھیں اور انہیں کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا کہا گیا تھا تاہم بعد میں پی سی بی کے ماہر نفسیات مقبول بابری نے ان کو سٹریس سے نجات دلوانے کے لئے کئی نفسیاتی سیشن منعقد کئے تھے ۔

متعلقہ عنوان :