بلاول بھٹی نے دوسرا ٹی ٹونٹی جتوا دیا، پاکستان کا زمبابوے کیخلاف کلین سویپ

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 24 مئی 2015 22:44

بلاول بھٹی نے دوسرا ٹی ٹونٹی جتوا دیا، پاکستان کا زمبابوے کیخلاف کلین ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24مئی۔2015ء) قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں بلاول بھٹی نے پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔ پاکستان نے ٹی ٹونٹی سیریز جیت کر زمبابوے کیخلاف کلین سویپ کر لیا۔پاکستان کی جانب سے 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں احمد شہزاد اور مختار احمد نے اننگز کا آغاز کیا۔ قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں اوپنر بلے بازوں کی جانب سے کچھ غلط شارٹس سلیکشن بھی دیکھنے میں آئیں جس سے دونوں کھلاڑی آئوٹ ہوتے ہوتے رہ گئے۔

تاہم پاکستان کا سکور ابھی تک 44 رنز تک ہی پہنچا تھا کہ احمد شہزاد ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آئوٹ ہو ہی گئے۔ انہوں نے تین چوکوں کی مدد سے 17 گیندوں پر 18 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم میں ڈیبیو کرنے والے کھلاڑی نعمان انور نے آتے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا تاہم وہ بائونڈری کے قریب کیچ آئوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

(جاری ہے)

نعمان انور نے صرف 9 گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 18 رنز بنائے۔

اس کے بعد آنے والے سینئر کھلاڑی شعیب ملک نے اس مرتبہ پھر شائقین کرکٹ کو شدید مایوس کیا اور رن آئوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ شعیب ملک نے صرف 7 رنز بنائے۔ پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے بلے باز مختار احمد نے آج بھی اچھی کارکردگی کا مظاہر کیا اور صرف 40 گیندوں پر 62 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ 117 رنز کے سکور پر پاکستان کو چوتھا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب مختار احمد بھی ایک اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں بائونڈری کے قریب سیبانڈا کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔

سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے زمباوین بائولر سکندر رضا نے ان کی وکٹ حاصل کی۔ اس کے بعد کپتان شاہد آفریدی نے بھی اپنی پرانی روایت برقرار رکھی اور صرف 7 رنز بنا کر کیچ آئوٹ ہو گئے۔ اس کے فوری بعد ہی عمر اکمل بھی آئوٹ ہوتے بال بال بچے جب زمباوین کھلاڑی ان کیچ کا پکڑ کر بائونڈری پر گر گیا جس پر ایمپائر نے چھکا دیدیا۔ اس کے بعد عمر اکمل سنبھلے اور پاکستانی ٹیم کا سکور 152 رنز تک پہنچایا تاہم اس کی اگلی ہی گیند پر وہ ایل بی ڈبلیو ہو کر واپس چلے گئے۔

عمر اکمل نے 21 گیندوں پر 30 رنز بنائے۔ اس کے بعد آئوٹ ہونے کی باری انور علی کی تھی جو غلط شارٹ کھیلنے کی کوشش میں صرف 2 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔ پاکستانی ٹیم کو چھٹا نقصان نوجوان کھلاڑی رضوان کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ محمد رضوان بھی خاطر خواہ کارکردگی کا دکھا سکے اور صرف 6 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ ایک وقت میں ایسا لگ رہا تھا کہ یہ میچ پاکستان کے ہاتھوں سے نکل چکا ہے مگر اس موقع پر بلاول بھٹی نے پاکستانی ٹیم کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دیا اور میچ کے آخری اوور میں ایک چھکا اور چوکا مار کر قومی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ واضع رہے کہ زمبابوے کی جانب سے پاکستان کو جیت کیلئے 176 رنز کا ٹارگٹ دیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :