گھوٹکی میں ڈاکوؤں کی سرکوبی کیلئے کیا جانے والا آپریشن ناکا م ،ڈاکو پولیس محاصرہ توڑ کر فرار

پیر 25 مئی 2015 13:58

میرپور ماتھیلو (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 مئی۔2015ء) ضلع گھوٹکی میں پولیس کا ڈاکوؤں کی سرکوبی کیلئے شروع کیا جانے والا آپریشن کامیاب نہ ہوسکا‘ ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے بعد ڈاکو پولیس کا محاصرہ توڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ضلع گھوٹکی کے کچے کے علاقے راؤنتی میں بدنام ڈاکوؤں سلفوشر اور گڈو شر کے ٹولوں کے خلاف 6 ہفتے قبل پولیس کی جانب سے آپریشن شروع کیا گیا تھا جس میں پولیس کا ایک ایس ایچ او جاں بحق جبکہ کئی پولیس اہلکار زخمی بھی ہو گئے ۔

اس دوران ڈاکوؤں نے رحیم یار خان ضلع کی ایک پولیس چوکی پر حملہ کرکے 6 پولیس اہلکاروں کو اغوا کرکے یرغمال بنا لیا تھا جس کے بعد پولیس نے آپریشن میں تیزی لاتے ہوئے ڈاکوؤں کے خلاف ہیلی کاپٹر سے شیلنگ بھی کی تھی۔

(جاری ہے)

بعدازاں یرغمال بنائے گئے پولیس اہلکاروں کو ڈاکوؤں نے چھوڑ دیا تھا جبکہ چند دن قبل ہی رینجرز کو کچے کے علاقے میں تعینات کرکے ڈاکوؤں کے خلاف بھرپور آپریشن کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔

ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ بدنام ڈاکو اپنے ٹھکانے چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہوچکے ہیں اور ان علاقوں کو رینجرز محاصرہ کرکے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کو تلاش کررہے ہیں اور ان کا محاصرہ تنگ کیا جارہا ہے اور آمد ورفت کے تمام راستے سیل کردیئے گئے تاکہ ڈاکوؤں کے خلاف بھرپور اور فیصلہ کن آپریشن کیا جاسکے۔ پتہ چلا ہے کہ راؤنتی کے کچے میں ڈاکوؤں کے کئی گروہ موجود ہیں جوکہ ضلع گھوٹکی‘ جیکب آباد‘ کشمور کندھ کوٹ اور رحیم یار خان اضلاع میں جرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ دوسری جانب ایس ایس پی گھوٹکی ثاقب سلطان المحمود چھٹی پر چلے گئے ہیں جبکہ ایس ایس پی کا چارج ایس ایس پی خیرپور کے حوالے کردیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :