بریڈپٹ کا انجلینا جولی کو سالگرہ پر آبی طیارہ دینے کا فیصلہ

منگل 26 مئی 2015 11:13

بریڈپٹ کا انجلینا جولی کو سالگرہ پر آبی طیارہ دینے کا فیصلہ

لاس اینجلس (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء)ہالی ووڈ کے اداکار بریڈ پٹ اپنی بیوی اور ہالی ووڈ کی کامیاب ترین اداکارہ انجلینا جولی کے لئے ان کی چالیس ویں سالگرہ پرآبی طیارہ (ایسا ہوائی جہاز جسے سمندر میں بھی اتارا جاسکے) تحفے میں دینے والے ہیں۔بریڈ پٹ 4 جون کو اداکارہ کی سالگرہ پر انہیں یہ تحفہ دیں گے اور اس سلسلہ میں وہ یورپ کے ایک ڈیلر سے ملاقات بھی کر چکے ہیں۔

انہوں نے اس جہاز کو فرانس میں اپنے گھر کے رن وے پر رکھنے کا منصوبہ بنایا ہے۔بریڈ پٹ اور انجلینا دونوں کو پرواز کا تجربہ ہے البتہ پانی پر جہاز اتارنے کے لئے زیادہ مہارت کی ضرورت پڑتی ہے۔ اداکار بریڈ پٹ ہوا بازی کے مزید اسباق بھی لینا شروع کردیئے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بناسکیں کہ انجلینا اپنا تحفہ بھر پور طریقے سے استعمال کریں۔

(جاری ہے)

بریڈ پٹ اور انجلینا نے فرانس میں جائیداد کو 2008 میں خریدا تھا اور یہ جگہ دونوں اداکاروں کے لئے نہایت خاص بھی ہے۔ اس جگہ بریڈ نے انجلینا جولی کو 2012 میں پروپوز کیا اور دونوں اداکاروں کی شادی بھی اسی ملک میں ہوئی تھی۔ان کی وسیع و عریض حویلی میں 35 بیڈرومز موجود ہیں۔اس سے قبل اداکارہ انجلینا جولی نے اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کے حوالے سے بتایا تھا کہ گزشتہ سال ان کی زندگی کا سب سے بہترین سال تھا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نہایت خوش ہونگی اگر میرا اداکاری کا کیرئیر ختم ہوجائے اور میں صرف ہدایت کاری کر سکوں اس طرح وہ اور اداکار بریڈ پٹ ایک ساتھ کام کر سکیں گے۔