سینکڑوں اردو وپنجابی فلموں کی کامیابی کی ضمانت نامور اداکارہ رانی کی 22 ویں برسی کل منائی جائے گی

منگل 26 مئی 2015 12:01

سینکڑوں اردو وپنجابی فلموں کی کامیابی کی ضمانت نامور اداکارہ رانی ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء) سینکڑوں اردو وپنجابی فلموں کی کامیابی کی ضمانت نامور اداکارہ رانی کی 22 ویں برسی آج ( بدھ ) 27 مئی کو منائی جائے گی۔ اس موقع پر فیصل آباد ڈویژن سمیت ملک بھر میں پرستاروں کی جانب سے خصوصی تعزیتی تقریبات کاانعقاد کیاجائیگا جن میں اداکارہ رانی کی فن کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش اور قرآن خوانی کااہتمام بھی کیاجائیگا جس میں مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی جائیگی ۔

اداکارہ رانی نے 60کی دہائی میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے کروڑوں فلم بینوں اور پرستاروں کے دلوں پر راج کرنے لگیں۔اداکارہ رانی جن کا اصل نام ناصرہ تھا نے موج میلہ، سفید خون ،امراؤ جان ادا،ناگ منی، تہذیب، انجمن، دنیامطلب دی، جندجان، سجن پیارا، چن مکھناں، دیوربھابھی، ہزار داستان، محبوب، شطرنج، چھوٹی امی، عورت کاپیار،چھوٹی بہن، کوچوان، سیتامریم مارگریٹ سمیت سینکڑوں فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بلاشرکت غیر ے پاکستانی فلم انڈسٹر ی پر طویل عرصہ تک تنہا راج کیا۔ انہوں نے وحیدمراد ، محمد علی، شاہد، ندیم، رنگیلا، منور ظریف سمیت کئی دیگر چوٹی کے ہیروز کے ساتھ بطور ہیروئن اپنی صلاحیتوں کے جوہردکھائے۔ مختلف فلموں میں پرفارم کئے گئے ان کے کردار آج بھی لوگوں کے ذہنوں پر نقش ہیں۔انہوں نے اپنے فلمی کیرئیر کے دوران ہدایتکار حسن طارق سے شادی کی ۔

8 دسمبر1946 ء کو پیدا ہو کر کئی سال تک فلمی دنیا پر راج کرنے والی اداکارہ رانی 27 مئی1993ء کو ساڑھے46 برس کی عمر میں کینسر کے موذی مرض میں مبتلا ہونے کے باعث اس دنیا فانی سے کوچ کر گئیں ۔مرحومہ کی برسی کے موقع پر الیکٹرانک میڈیا خصوصی پروگرامات نشر کریگا جبکہ پرنٹ میڈیا میں بھی خاص مضامین کی اشاعتوں کااہتمام کیاجائیگا۔