ملک بھر میں یوم تکبیرپرسوں بھر پور طریقے سے منایا جائے گا

منگل 26 مئی 2015 13:12

ملک بھر میں یوم تکبیرپرسوں بھر پور طریقے سے منایا جائے گا

فیصل آباد ۔26 مئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء) مسلم لیگ (ن) نے کل28 مئی کو یوم تکبیر بھر پور طریقے سے منانے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ یوم تکبیر کی17 ویں سالگرہ کے موقع پر صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت تمام ڈویژنل ، ضلعی، تحصیل، سٹی ہیڈکوارٹرز پر جلسے، جلوس، سیمینارز منعقد کئے جائیں گے اور مسلم لیگ (ن) کے قائد کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا جنہوں نے 28 مئی 1998ء کو بھارت کی جانب سے کئے گئے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں عالم اقوام اور یہود و ہنود کا ہر قسم کا دباؤ بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک و قوم کے بہترین مفاد میں بلوچستان کے سنگلاخ پہاڑوں میں چاغی کے مقام پر یکے بعد دیگرے 7 ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کو امت مسلمہ کی پہلی اور عالم اقوام کی ساتویں ایٹمی قوت بنا دیا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) فیصل آباد ڈویژن کے ترجما ن نے کہا کہ 28 مئی کو پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کی 17 ویں سالگرہ کے کیک بھی کاٹے جائیں گے اور ملک بھر کی مساجد میں قرآن خوانی کر کے پاکستان کی سلامتی و استحکام ، آئین کی سربلندی ، قانون کی بالادستی،قومی فلاح، عوامی خوشحالی، دہشت گردی، بیروزگاری، غربت، افراتفری کے خاتمہ کی خصوصی دعائیں بھی مانگی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی تقریبات میں محسنان ملک و ملت کے کارناموں سے بھی قوم کو آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، برطانیہ، روس، چین، فرانس، بھارت کے بعدپاکستان عالم اقوام کی ساتویں ایٹمی قوت کے طور پر دنیا کے نقشے پر نمودار ہوا ہے جس کی جانب کوئی میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہ کرسکتا ہے۔