پاک بھارت سیریز ،پی سی بی کے دوٹوک موقف پر بھارتی کر کٹ بورڈ نے ایک اور یو ٹرن لے لیا

منگل 26 مئی 2015 13:31

پاک بھارت سیریز ،پی سی بی کے دوٹوک موقف پر بھارتی کر کٹ بورڈ نے ایک اور ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء) پاک بھارت سیریز پربھارتی کر کٹ بورڈ نے ایک اور یو ٹرن لے لیا ہے۔پاکستان کر کٹ بورڈ کے دوٹوک موقف پر انڈین پر یمےئرلیگ کے چیئرمین راجیو شکلا نے یوٹرن لیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاکستان سے سیریز کھیلنے میں دلچسپی رکھتا ہے، چند معاملات طے پا جائیں تو باہمی مقابلوں کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے راجیو شکلا نے کہا کہ ہم خود پاکستان کے ساتھ کھیلنے کے لیے کافی بے چین ہیں، ہم اس کے خلاف بالکل بھی نہیں ہیں لیکن کچھ ایسی چیزوں کا طے پانا ضروری ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ ہم اس سیریز کے حوالے سے کافی مثبت ہیں، بات چیت بدستور جاری اور نئی تجاویز کا جائزہ لیا جارہا ہے، مجھے امید ہے کہ جلد ہی کسی مثبت نتیجے پر پہنچ جائیں گے۔

(جاری ہے)

جبکہ دوسری طرفبی سی سی آئی کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے کہاہے کہ دونوں کر کٹ بورڈز حکام کے مابین بات چیت میں پیش رفت ہوتے ہی سیریز کا باقاعدہ اعلان کردیں گے۔ ۔ انوراگ ٹھاکر نے ایک بار پھر واضح کیا کہ باہمی اتفاق کے باوجود کئی معاملات ابھی تک حل طلب ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جب پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان بھارت آئے تب بھی ہم نے ان کے سامنے چند معاملات اٹھائے تھے، کئی چیزیں ایسی ہیں جنھیں طے کرنا ضروری ہے، جب ہم ان پر کسی نتیجے پر پہنچ جائیں گے تو پھر باضابطہ اعلان بھی کردیں گے، ضرورت ہوئی تو پھر ٹور بھی ہوگا۔

واضح رہے کہ انڈین پریمیئر لیگ کے چیئرمین راجیو شکلا نے چند روز قبل اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ پاک بھارت سیریز کے فی الحال امکانات دکھائی نہیں دیتے۔ جس پر پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے شدید برہمی ظاہر کرتے ہوئے واضح کیا کہ 99 میں پاکستانی ٹیم نے بھی نامساعد حالات میں بھارت کا دورہ کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :