کمشنر سکھر کا خیرپور، سکھر اور گھوٹکی میں صفائی ستھرائی اور سڑکوں کی ابتر صورتحال کا سخت نوٹس ، ایک ہفتے کے اندر صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت

منگل 26 مئی 2015 15:15

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 مئی۔2015ء)کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے خیرپور، سکھر اور گھوٹکی اضلاع کے ہیڈکوارٹرز اور دیگر چھوٹے بڑے شہروں کی حالت خراب ہونے،صفائی ستھرائی اور سڑکوں کی ابتر صورتحال کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرزکوہدایت کی ہے کہ ایک ہفتے کے اندر شہروں کی ابتر صورتحال کو بہتر کیا جائے ،محصولات اور دیگر ٹیکسزکی وصولی کا حدف پورا نہ کرنے والے آفیسرز کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔

ان ہدایات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں سکھر ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرزاور اسسٹنٹ کمشنرزسے مختلف عوامی مسائل ،لوکل کونسلوں،ڈھل وصولی اور مون سون کی تیاریوں کے سلسلے میں طلب کیے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

کمشنر سکھر نے کہا کہ شہروں کی حالت خراب ہوگئی ہے جس کے نتیجے میں عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے تمام آفیسرز ایمانداری اور سچائی سے فرض کی ادائیگی کرتے ہوئے انتظامی رٹ کو بحال کریں تاکہ عوام مسائل سے نکل سکیں،کمشنر سکھر ڈویژن نے نساسک اور ٹی ایم ایز کو ہدایت کی کہ وہ شہروں میں صفائی ستھرائی،فراہمی و نکاسی آب کے لیے فوری اقدامات کریں اور عوامی شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیا جائے ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ڈپٹی کمشنرزتعلقہ سطح پر روینیو ریکارڈ اور جمع بندی کے سلسلے میں جانچ پڑتال کے عمل کو معمول کا حصہ بنائیں کمشنر سکھر ڈویژن نے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز پر واضح کیا کہ اگر کوئی بھی اسسٹنٹ کمشنراپنی کارکردگی بہتر نہ بنائے تو ان کو فوری طور پر رلیوکیا جائے، کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے مون سون اور ممکنہ سیلاب کے حوالے سے کہا کہ ممکنہ برسات اور سیلاب کی پیشن گوئی ہوچکی ہے جس کے لیے تمام ڈپٹی کمشنرز، دیگر متعلقہ آفیسرزاور ملازمین پیشگی تیاری مکمل کریں اور اضلاع میں ہنگامی بنیادوں پر کنٹرول روم قائم کرکے ان کو فعال رکھا جائے جبکہ تمام اضلاع اور تعلقہ ہیڈکوارٹرز میں نکاسی آب کے لیے مشنری کو تیار رکھا جائے اور اس کے ساتھ ساتھ حفاظتی پشتوں کی نگرانی بھی کی جائے ،کمشنر سکھر ڈویژن نے تمام ڈپٹی کمشنرزکو ہدایت کی کہ وہ اجلاس میں زیر بحث معاملات اور ہدایتوں پر عمل کے سلسلے میں رپورٹ ایک ہفتے کے اندر پیش کریں انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ آئندہ مالی بجٹ سے قبل جاری ترقیاتی اسکیموں اور نئی اسکیموں کے بارے میں ایک ہفتے کے اندر تحریری آگاہی دیں ۔