پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹونٹی فارمیٹ کے ماہر کھلاڑیوں کا پول بنانے پرغور شروع کر دیا

بدھ 27 مئی 2015 12:01

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹونٹی فارمیٹ کے ماہر کھلاڑیوں کا پول بنانے ..

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار27مئی۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ ٹی ٹونٹی فارمیٹ کے ماہر کھلاڑیوں کا پول تیار کرنا چاہتا ہے ۔ اس ضمن میں چیف سلیکٹر ہارون رشید نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ملک میں مزید ٹیلنٹ کے سامنے آنے سے مستقبل قریب میں اس فارمیٹ میں زمبابوے کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز جیسی کارکردگی دوبارہ دہرائی جا سکے گی ۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل کمبی نیشن تشکیل دینے کی جانب دیکھ رہے ہیں ، کھلاڑیوں کا ایسا امتزاج چاہتے ہیں جو میدان میں بیٹنگ اور باؤلنگ میں تیزی لا سکیں اور وہ اس فارمیٹ کی ضروریات بھی سمجھ پائیں ۔

ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں بہترین کھلاڑیوں کی دستیابی ممکن بنانا ترجیح ہے جو حالات کے پیش نظر ٹی ٹونٹی میچوں پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں اور اسی وجہ سے مختار احمد ، نعمان انور یا بلاول بھٹی جیسے کھلاڑیوں کو زمبابوے کیخلاف ون ڈے سیریز میں منتخب نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

ہارون رشید نے اس بات کا اعتراف کیا کہ شاہد آفریدی کی حالیہ فارم پر خاصی تشویش ہے کیوں کہ آفریدی تجربہ کار کپتان اور اچھے کھلاڑی ہیں جن سے مزید عمدہ کارکردگی کی توقعات وابستہ ہیں ۔

چیف سلیکٹر نے عمر اکمل کو ون ڈے سکواڈ میں شامل نہ کرنے کے بارے میں کہا کہ نوجوان کرکٹر کو کھیل میں مزیدلگن کی ضرورت ہے ۔ ٹیم کیلئے ایسے پلیئرز چاہئیں جو مقابلوں کو اختتام کی جانب لے جاتے ہوئے توقعات کا بوجھ برداشت کر سکیں۔ موجودہ منظر نامے میں عمر اکمل ٹی ٹونٹی میں تو بہترین نظر آتے ہیں مگر ون ڈے او ر ٹیسٹ سکواڈ زمیں واپسی کیلئے انہیں اپنے کھیل پر مزید دھیان دینا ہوگا۔