زمبابوے کیخلاف 6 سال بعدہوم گراؤنڈ میں ون ڈے سیریز میں کامیابی پر قومی کرکٹرز خوشی سے سرشار

ہفتہ 30 مئی 2015 13:56

زمبابوے کیخلاف 6 سال بعدہوم گراؤنڈ میں ون ڈے سیریز میں کامیابی پر قومی ..

لاہور ((اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) ) چھ سال بعد قومی میدان میں شاہینوں کی جانب سے ون ڈے سیریز میں شاندار فتح کی گونج سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی سنی جا رہی ہے۔ سابق اور موجودہ قومی پلیئرز فتح کا جشن منا رہے ہیں تو زمبابوین پلیئرز بھی ہار کے باوجود اپنے کھیل سے مطمئن نظر آتے ہیں۔ ٹی ٹونٹی کے بعد ون ڈے سیریز میں بھی مہمان ٹیم زمبابوے کو چت کر کے گرین شرٹس نے چھ سال اپنی سر زمین پر سیریز جیتنے کا مزہ چکھ لیا۔

اس خوشی کا والہانہ اظہار مایہ ناز سابق اور موجودہ کرکٹرز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ گرین شرٹس کے سابق سٹار کپتان وسیم اکرم بھی اپنی خوشی کو سنبھال نہ پائے اور ٹوئٹر پر قومی ٹیم کی فتح پر فخر کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

پہلے 2 ون ڈے میچوں میں اپنی صلاحیت کا لوہا منوانے والے نوجوان قومی کپتان اظہر علی نے بھی ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں سیریز کی جیت پر تمام کھلاڑیوں کی محنت اور کوششوں کو سراہا ہے۔

قومی سکواڈ میں شاندار کم بیک کرنے والے شعیب ملک نے ٹوئٹر پر اظہر علی کی دوسرے میچ میں ذمہ دارانہ سنچری پر داد دی۔ کرکٹ کی دنیا میں پروفیسر کے نام سے مشہور آل راوٴنڈر محمد حفیظ نے بھی اظہر علی کو بطور کپتان پہلی ون ڈے سیریز جیتنے پر مبارکبادی کاپیغام دیا۔ دوسری جانب زمبابوے کی طرف سے دوسرے ون ڈے میں 99 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے چامو چبابا نے ٹوئٹر پر اپنی ٹیم کی ہار کو بدقسمتی قرار دیا لیکن ساتھ ہی پاکستانی نڑاد زمبابوین پلیئر سکندر رضا کی عمدہ سنچری کی خوب تعریف کی۔