Live Updates

عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگانیوالی تحریک انصاف کے اپنے صوبے میں بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کی گونج

ہفتہ 30 مئی 2015 14:19

عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگانیوالی تحریک انصاف کے اپنے ..

پشاور ((اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) ) عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگانے والوں کے اپنے صوبے میں بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کی گونج پڑگئی ، کہیں جعلی ووٹوں کا راج توکہیں بدانتظامی عروج پر پہنچ گئی، بلدیاتی انتخابات میں اسلحے کی کھلم کھلا نمائش اور خواتین کے پولنگ بوتھ کا مذاق اڑا گیا۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو خیبرپختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوران خود انصاف کے دعوے کرنے والی تحریک انصاف نے خود ہی انصاف کا مذاق اڑانا شروع کر دیا اور پشاور کے گردونواح کے علاقوں میں کئی پولنگ اسٹیشن پر تحریک انصاف کے امیدواروں نے کھلے عام بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگائے اور جعلی ووٹ ڈال کر خوب دھاندلی کی، جن کی باقاعدہ ویڈیو بھی نجی ٹی وی چینلز پر دیکھائی گئی، اس کے علاوہ جن پولنگ اسٹیشنز پر تحریک انصاف کے امیدواروں کو شکست کا خطرہ تھا وہاں پر پولنگ اسٹیشن ہی بند کروا دیئے گئے اور خواتین کے پولنگ بوتھ پر بھی بدنظمی دیکھی گئی اور الیکشن کمیشن کا مذاق اڑایا گیا، بلدیاتی انتخابات کے دوران تحریک انصاف کے امیدواروں نے کھلم کھلا اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ بھی کی، یونین کونسل نمبر28 کے پولنگ اسٹیشن پر جعلی مہر کے ذریعے جعلی ووٹ کاسٹ کئے گئے اور صوبے کے کئی پولنگ اسٹیشن پر انتخابی عملہ غائب ہونے کے باعث پولنگ شروع نہ ہو سکی اور انتخابی سامان ہی نہ پہنچ سکا، صوبے کے مختلف اضلاع کے کئی پولنگ اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی کے دوران کئی افراد زخمی ہوئے، اکثر پولنگ اسٹیشنز پر خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکا گیا اور خواتین کے مختلف پولنگ اسٹیشنز میں مرد دیواریں پھلانگ کر داخل ہو گئے اور زبردستی پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات