کمشنر اسکول کرکٹ کپ 2015ء کی تعارفی و لانچنگ تقریب ،فائنل میچ قذافی اسٹیڈیم میں ڈے اینڈ نائٹ کرانے کا اعلان

کمشنر اسکول کپ کے ذریعے صحیح کرکٹ کی نرسری کو دوبارہ نشوونما دی جا رہی ہے اس سے مایہ ناز کھلاڑی پیدا ہوتے ہیں ‘ مصباح الحق کرکٹ کی بقاء اسکول سطح پر کرکٹ کے کھیل کے احیاء کے ساتھ جڑی ہے‘کھیلوں کے ذریعہ نوجوانوں کی توانائیوں کو مثبت سمت دی جائے گی جس کے لیے حکومت پنجاب دن رات کاوش کر رہی ہے‘ کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل

ہفتہ 30 مئی 2015 19:44

کمشنر اسکول کرکٹ کپ 2015ء کی تعارفی و لانچنگ تقریب ،فائنل میچ قذافی اسٹیڈیم ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) کمشنر اسکول کرکٹ کپ 2015ء کی تعارفی و لانچنگ تقریب میں کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل، سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) امین وینس، پاکستان کرکٹ ٹیم ٹیسٹ کے کپتان مصباح الحق، سابق مایہ ناز کھلاڑی ماجد خان، جنید ضیاء، سیکرٹری جم خانہ کرکٹ ایسوسی ایشن جاوید زمان خان، صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن (ایل آر سی اے) خواجہ ندیم، صدر پاکستان پرائیویٹ اسکولز کاشف مرزا، ایڈیشنل کمشنر وسیمہ عمر، نجی و سرکاری اسکول ٹیموں کے کپتانوں اور کوچز نے شرکت کی۔

کمشنر لاہور نے لانچنگ تقریب کو انتہائی خوش آئند اور پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے لیے سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کی بقاء اسکول سطح پر کرکٹ کے کھیل کے احیاء کے ساتھ جڑی ہے۔

(جاری ہے)

آج ہم نے مستقبل کے بہترین کھلاڑیوں کو سامنے لانے کے لیے اساسی اینٹ رکھ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایل آر سی اے و کمشنر اسکول کرکٹ کپ کی صورت میں کھیلوں کے ذریعہ نوجوانوں کی توانائیوں کو مثبت سمت دی جائے گی جس کے لیے حکومت پنجاب دن رات کاوش کر رہی ہے۔

کمشنر لاہور نے ذرائع ابلاغ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ زمبابوے اور پاکستان کے درمیان تیسرے ون ڈے میں بھی شائقین کرکٹ پورے جوش و خروش سے شریک ہوں گے۔زمبابوے ٹیم اپنے شیڈول کے مطابق شاپنگ بھی کرے گی۔ ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے کہا کہ میرے لیے مسرت کا مقام ہے کہ کمشنر اسکول کپ کے ذریعے صحیح کرکٹ کی نرسری کو دوبارہ نشوونما دی جا رہی ہے کیونکہ اسکول سطح پر کھیلنے سے ہی اصل ٹیلنٹ، دباؤ کو برداشت کرنے کی صلاحیت اور مایہ ناز کھلاڑی پیدا ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسکول کرکٹ ہی وہ زینہ ہے جس سے کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر اپنا مقام بناتا ہے۔ ماجد خان نے ذرائع ابلاغ سے کہا کہ وہ پاکستان میں کھیلوں کے زوال کی وجوہات کی ضرور جانچ و تفتیش کرکے اسباب سامنے لائیں۔ خواجہ ندیم نے کہا کہ اس کپ میں سامنے آنے والے بہترین اسکول کھلاڑیوں کو انڈر 16 اور انڈر 19 میں کھیلنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

ایل آر سی اے و کمشنر اسکول کرکٹ کپ 2015ء کی لانچنگ تقریب میں نجی و سرکاری اسکولوں کی ٹیموں کو سپانسرز کی جانب سے تیار کردہ شرٹس دی گئیں۔ ایڈیشنل کمشنر صاحبزادی وسیمہ عمر نے کہا کہ یہ کرکٹ کپ بارش کا پہلا قطرہ ہے اور اس طرح کے منظم اور حکمت عملی پر مبنی ٹورنامنٹ کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آئیں گے۔ چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی کرکٹ کپ و سیکرٹری جمخانہ جاوید زمان خان نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ کرکٹ کے اعلی معیاروں کو سامنے رکھ کر کرایا جا رہا ہے جس میں کانٹے دار مقابلے ہوں گے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ فائنل میچ قذافی اسٹیڈیم میں ڈے اینڈ نائٹ میچ ہوگا۔ اسکول سطح پر کرکٹ کے فروغ کا کام پاکستان کرکٹ بورڈ کا تھا مگر اس کو کمشنر لاہور نبھا رہے ہیں۔