پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدرفیصل صالح حیات کی طرف سے گھوسٹ منصوبوں کے نام پر لاکھوں ڈالر خرچ کئے گئے اور جن شہروں میں گھوسٹ منصوبے ظاہر کئے گئے وہاں منصوبوں کا نام تک نہیں،فیفا کی طرف سے پی ایف ایف کو ملنے والے لاکھوں ڈالرز کے فنڈز کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں‘ بدعنوانی منظرعام پر آنے پر فٹ بال کے کوچز کو تنخواہوں کے چیک دے کر ان سے رقم واپس لے لی گئی، وزیر اعظم‘ چیئرمین نیب اور ایف آئی اے پاکستان فٹ بال فیڈریشن میں ہونیوالی بدعنوانی اور بے ضابطگیوں کا نوٹس لیں، فیڈریشن کے آئین میں ان اداروں کی مداخلت کی کوئی ممانعت نہیں ۔حافظ سلمان بٹ‘ رانا محمد اشرف اور علی حیدر نور خان نیازی کا پریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 30 مئی 2015 22:11

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدرفیصل صالح حیات کی طرف سے گھوسٹ منصوبوں ..

لاہور ۔30 مئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سابق جنرل سیکرٹری حافظ سلمان بٹ‘ فٹ بال ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر رانا محمد اشرف اور لبریشن آف فٹ بال گروپ کے رہنما علی حیدر نور خان نیازی نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن میں ہونیوالی بد عنوانی اور بے ضابطگیوں کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہا ہے کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدرفیصل صالح حیات کی طرف سے گھوسٹ منصوبوں کے نام پر لاکھوں ڈالر خرچ کئے گئے اور جن شہروں میں گھوسٹ منصوبے ظاہر کئے گئے وہاں منصوبوں کا نام تک نہیں،فیفا کی طرف سے پی ایف ایف کو ملنے والے لاکھوں ڈالرز کے فنڈز کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں‘ بدعنوانی منظرعام پر آنے پر فٹ بال کے کوچز کو تنخواہوں کے چیک دے کر ان سے رقم واپس لے لی گئی، وزیر اعظم پاکستان‘ چیئرمین نیب اور ایف آئی اے پاکستان فٹ بال فیڈریشن میں ہونیوالی بدعنوانی اور بے ضابطگیوں کا نوٹس لیں، فیڈریشن کے آئین میں ان اداروں کی مداخلت کی کوئی ممانعت نہیں ۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کے روز لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔حافظ سلمان بٹ نے فیفا کے نئے صدر جے ایس پلانٹرسے بھی مطالبہ کیا ہے وہ فیفا کی طرف سے ملنے والے فنڈز کے استعمال میں پاکستان فٹ بال فیڈریشن میں ہونیوالی بدعنوانی کا نوٹس لیں۔انہوں نے کہا کہ فیفا کی طرف سے آنیوالا فنڈ ذاتی سکیورٹی اور تنخواہوں پر خرچ ہورہا ہے جبکہ اس فنڈ میں سے فٹ بال کے کوچز کو کچھ نہیں دیا جا رہا۔

حافظ سلمان بٹ نے کہا کہ 17 اپریل کو جعلی الیکشن کمشنر کے ذریعے پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کا نام نہاد الیکشن کروایا گیا جسے لاہور ہائیکورٹ نے کالعدم قرار دیا بعد ازاں عدالت کے حکم پر 12 مئی کو ڈی جی پنجاب سپورٹس بورڈ کی نگرانی میں انتخابات ہوئے جس میں رانا محمد اشرف پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر اور دیگر عہدیداران کا انتخاب عمل میں آیا، فیصل صالح حیات گروپ نے بعدمیں عدالت کے فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کی جو عدالت کے ڈویژن بنچ نے خارج کر دی۔

حافظ سلمان بٹ نے کہا کہ ہم فٹ بال کے متوالے فیفا کے نئے صدر کو مبارکباد دیتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فیفا کی طرف سے ملنے والے فنڈز کے استعمال میں بدعنوانی کا نوٹس لیں۔ حافظ سلمان بٹ و دیگر نے کہا کہ جعل سازی کے ذریعے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے آئین کی 3 مختلف کاپیاں بنوائی گئیں جو فیفا کو بھی بھجوائی گئیں، انہوں نے کہا کہ فیفا کی طرف سے ملنے والے لاکھوں ڈالرز کے فنڈز کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں‘ بدعنوانی منظرعام پر آنے پر فٹ بال کے کوچز کو تنخواہوں کے چیک دے کر ان سے رقم واپس لے لی گئی‘ جعل سازی سے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے من پسند عہدیدار منتخب کروانے کیلئے ووٹر لسٹوں میں بار بار تبدیلی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :