پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تیسرا ون ڈے آج شام 4 بجے کھیلا جائے گا

اتوار 31 مئی 2015 10:58

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تیسرا ون ڈے آج شام 4 بجے کھیلا جائے گا

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار31مئی ۔2015ء ) پاکستان اور زمبابوے کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل آج شام چار بجے قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان نے قذافی سٹیڈیم لاہور میں ابتدائی دونوں میچز جیت کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی تھی جسکے بعد ٹیم اب کلین سویپ کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کو یادگار بنانے کا خواہاں ہے، دوسری جانب چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کی امیدیں زندہ رکھنے کیلیے بھی کامیابی خاص اہمیت رکھتی ہے، پاکستان کو اپنے پوائنٹس برقرار رکھنے کا چیلنج درپیش ہے، مہمانوں کو کلین سویپ نہ کرنے کی صورت میں گرین شرٹس کی مہم کو شدید جھٹکا لگ سکتا ہے ۔

عالمی رینکنگ کے مطابق اس وقت پاکستان 87 پوائنٹس کے ساتھ نویں جب کہ گذشتہ سیریز میں کلین سویپ کرنے والی بنگلہ دیشی ٹیم 88 کے ہمراہ آٹھویں نمبر پر ہے۔

(جاری ہے)

زمبابوے کو کلین سویپ کرنے پر پاکستان کے موجودہ پوائنٹس برقرار رہیں گے جس کی بدولت سری لنکا میں جیت سے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے امکانات باقی رہیں گے،اگر ایسا نہ ہو سکا تو محرومی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

سیریز کے آخری میچ میں بابر اعظم سمیت نوجوان کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دیا جاسکتا ہے، بولرز نے پہلے میچ کی بانسبت دوسرے میں بہتر کارکردگی دکھائی لیکن چھامو چھیبابا اور سکندر رضا نے دل بھر کر سٹروکس کھیلے، حریف کو ایک بار پھر فتح سے دور رکھنے کیلیے اس بار لائن اور لینتھ میں مزید بہتری لانا ہوگی،وہاب ریاض مہلک ہتھیار جب کہ یاسر شاہ ٹرمپ کارڈ ثابت ہوسکتے ہیں،زمبابوین ٹیم کپتان ایلٹن چگمبرا اور مڈل آرڈر بیٹسمین کریگ ایرون کی خدمات سے محروم ہوچکی ہے، قائم مقام کپتان ہملٹن مساکیڈزا کو دستیاب وسائل سے ہی کام چلانا ہوگا،ان کی اپنی پرفارمنس بھی اہمیت کے حامل ہے۔

متعلقہ عنوان :